بلدیہ عظمیٰ میں کرپشن ختم کرنے کے دعوے جھوٹ، شاہ عالم مارکیٹ میں 429 دکانوں کے کرایہ داروں سے بھتہ وصولی

لاہور (خبرنگار) بلدیہ عظمیٰ لاہور میں کرپشن ختم کرنے کے دعوے صرف بیانات تک محدود ہو کر رہ گئے، شاہ عالم مارکیٹ میں قائم بلدیہ عظمیٰ کی 429 دکانوں کے کرایہ داروں سے بھتہ وصولی جاری ہے۔ سٹیٹ مینجمنٹ برانچ کے شاپ رینٹ کلرک نے سرکاری کرائے کے ساتھ فی دکان 500 روپے ”خدمت“ کے بھی لینا شروع کر دئیے، اس حوالے سے جب ”مشرق“ نے خاتون افسر سٹیٹ مینجمنٹ تحمینہ کو معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ دکاندار میرے پاس آئیں ان کی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سرکاری دکانوں پر کرایہ وصول کرنے پر مامور شاپ رینٹ کلرک رضوان انور کرائے کے علاوہ 300 روپے فی دکان رشوت لیتا تھا لیکن دکانداروں کی جانب سے سٹیٹ مینجمنٹ برانچ کو شکایت کرنے کے بعد یہ رقم بڑھا کر 500 کردی گئی ہے تاہم اس اقدام نے دکانداروں میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے متاثرہ کانداروں کا کہنا ہے کہ متعدد بار افسران کو آگاہ کیا گیا مگر کوئی کاروائی نہ ہوئی اب دکانداروں نے اجتماعی طور پر لائحہ عمل ترتیب دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس مبینہ بھتہ خوری کے خلاف عملی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ یاد رہے کہ کرپشن اور مافیا کے خاتمے کیلئے تعینات افسران تاحال کسی بڑی کامیابی کا دعویٰ نہیں کر سکے، الٹا شکایت کے بعد بدعنوانی کا ریٹ بڑھ جانا معمول بن گیا ہے۔