پانی کو ہتھیار کے طور ہر استعمال کرنا بھارت کا اخلاقی وسفارتی دیوالیہ پن ہے:احسن اقبال

نارووال (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت اس وقت ایک ضدی بچے کی طرح کا کردار ادا کر رہا ہے، بھارتی تسلیم کر رہے ہیں کہ پہل گام واقعہ ایک بہت بڑا سکیورٹی لیپس تھا، بھارت نے ایک ملین فوج کشمیر اور جموں کی وادی میں جھونک رکھی ہے،اتنی سکیورٹی کے ہوتے ہوئے یہ واقعہ کیسے ہوا؟اس پورے واقعہ کے پیچھے کچھ اور ناٹک موجود ہے۔نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اس وقت بھارت اس پوزیشن میں نہیں کہ وہ جس کو چاہے اپنے پیروں تلے روندے، بھارت اگر پاکستان پر ایک پنچ لگائے گا تو اسے جواب میں دو پنچ ملیں گے، پاکستان امن کا خواہاں ہے، ہماری امن کی خواہش کو اگر کوئی کمزوری سمجھتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر میلی نگاہ ڈالی تو اسے ایسا جواب ملے گا کہ وہ اسے ہمیشہ یاد رکھے گا۔ اس پہل گام واقعہ کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات ہو کر پتہ لگنا چاہیے کہ اس واقعہ کے ذمہ دار کون ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ میں اس بات کو اٹھائے گا کہ کیا ان بین الاقوامی معاہدوں کو کوئی فریق یکطرفہ طور پہ ختم کر سکتا ہے، پانی کو ہتھیار کے طور ہر استعمال کرنا دراصل بھارت کی اخلاقی اور سفارتی دیوالیہ پن کا ثبوت ہے، پانی روکنے کی نہ کوئی قانون اجازت دے گا نہ ہی پاکستان اجازت دے گا۔