پنجاب پولیس دنیا کی سب سے بڑی سنگل کمانڈ سول فورس ہے،آئی جی
لاہور:(کرائم رپورٹر) پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں تربیتی کورسز مکمل کرنے والی 1979 خواتین پولیس افسران کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پاس آوٹ ہونے والی خواتین پولیس افسران سے خطاب کیا۔
پاس آو¿ٹ ہونے والوں میں 1487 لیڈی ایگزیکٹو پولیس، 255 ٹریفک اسسٹنس، 134 پی ایچ پی اور 103 ایس پی یو لیڈی پولیس افسران شامل تھیں، پاسنگ پریڈ کی تقریب میں جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی (ستارہ شجاعت) معین حبیب خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پاس آوٹ ہونے والی خواتین پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا پنجاب پولیس 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد اہلکاروں پر مشتمل دنیا کی سب سے بڑی سنگل کمانڈ سول فورس ہے، شجاعت اور بہادری کی پیکر پنجاب پولیس کو ہر لمحہ نئے چیلنجز کا سامنا ہے،سال کا کوئی دن ایسا نہیں جب پنجاب پولیس کے جوانوں نے ملک وقوم کی خاطر اپنے خون سے تاریخ رقم نہ کی ہو، جنگ ہو یا امن، پنجاب پولیس ملکی بقا اور سلامتی کےلئے افواج پاکستان اورسکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ ہے، چیلنجز بڑھنے کے ساتھ دشمن تبدیل ہوئے ہیں اور آج پنجاب پولیس دہشت گردوں اور شدت پسندوں سے نبردآزما ہے، آئی جی پنجاب نے پاسنگ آو¿ٹ پریڈ کا معائنہ کیا، تربیت مکمل کرنے والی پولیس افسران نے مارچ پاسٹ کیا، آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی لیڈی پولیس اہلکاروں میں انعامات تقسیم کیے ۔



















