الیکشن دھاندلی کیس:عمران خان ،شیر افضل مروت کی درخواستیں منظور

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) الیکشن دھاندلی کیس میں عمران خان،شیر افضل مروت کی درخواستیں سماعت کیلئے منظور کرلی گئیں،سپریم کورٹ نے دھاندلی کےخلاف درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دیئے۔

عدالت عظمیٰ نے رجسٹرار آفس کو درخواستوں کے نمبر لگانے کا حکم دیتے ہوئے وکلا کو آئندہ سماعت پر تیاری کر کے پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے آئندہ ہفتے کے مقدمات کی کاز لسٹ جاری کر دی، کمیشن کی جانب سے فریقین کو نوٹسز بھی بھجوا دیئے گئے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی کامیابی کےخلاف درخواست پر سماعت 8 مئی کو ہوگی، درخواست گزار بابر نواز اور عمر ایوب کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ،رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی ریفرنس پر سماعت 7 مئی کو ہو گی۔