90 فیصد بلوچستان کچی آبادی ہے، جسٹس جمال مندوخیل

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے کچی آبادی کا مطلب کچے گھر ہیں تو 90 فیصد بلوچستان کچی آبادی ہے۔

کچی آبادیوں پرکیس کی سماعت آئینی بنچ کے روبرو ہوئی، عدالت نے آئندہ سماعت پر چیئرمین، ممبر پلاننگ سی ڈی اے ،سیکرٹری لا اینڈ جسٹس کو طلب ،کچی آبادیوں پر قائم ورکنگ کمیٹی کے میٹنگ منٹس مانگ لیے،جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا سی ڈی اے کی کچی آبادیوں کےلئے پالیسی کیا ہے؟ سندھ میں تو کچی آبادی ایکٹ موجود ہے،وکیل سی ڈی اے منیر پراچہ نے جواب دیا وفاقی حکومت کی ذمے داری ہے قانون سازی کرے،جسٹس علی مظہر نے کہا سی ڈی اے کا کام ہے وفاقی حکومت کو کچی آبادیوں پرقانون سازی تجویز کرے، جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دئیے ڈپلومیٹک انکلیو کے پاس بھی کچی آبادی ہوناکتنی خطرناک بات ہے۔

وکیل سی ڈی اے نے کہاکچھ کچی آبادیوں کو تو تسلیم کرتے ہیں،جسٹس امین الدین نے کہا کس قانون کے تحت سی ڈی اے کچھ کچی آبادیوں کو تسلیم کرتا ہے کچھ کو نہیں، وکیل نے کہاقانون کوئی نہیں بس کچھ کو ویسے ہی تسلیم کرتے ہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کچی آبادی کہتے کس کو ہیں، کچی آبادی اگر کچے گھر ہیں تو 90 فیصد بلوچستان کچی آبادی ہے،جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا 2016 سے سپریم کورٹ نے کچی آبادیوں کا قانون سازی کی حکم دے رکھا ہے۔

جسٹس علی مظہر نے کہا 2015 سے مقدمہ زیر التوا ہے ،10 سال ہوگئے کچھ نہیں ہوا،سی ڈی اے وکیل نے کہا عدالت کے حکم امتناع کی وجہ سے اسلام آباد میں کچی آبادیاں اور تجاوزات بڑھتے جا رہے ہیں،جسٹس علی مظہر نے کہا ہونا تو چاہیے تھا سی ڈی اے کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوتی، بعد ازاں عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔