لاہور (انوسٹی گیشن سیل / میاں ذیشان سے) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کے باعث مختلف ڈائریکٹوریٹ کی حدود میں آنیوالے 297 پلاٹوں پر قبضہ مافیا کا راج برقرار ہے۔ 5 ارب سے زائد مالیتی رہائشی و کمرشل پلاٹوں کی عدم بازیابی پر تجاوزات قائم کر دی گئیں۔ صرف تاج پورہ سکیم کے 39 پلاٹس جعلی اندراجات پر افسران و ملازمین کی ملی بھگت سے الاٹ کر دئیے گئے۔ محکمہ پنجاب پولیس کو الاٹ کئے گئے 39 پلاٹوں کی واہگزاری اور لیسکو، سوئی گیس، واسا کی یوٹیلیٹی سروسز منقطع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ ایل ڈی اے افسران جعلی اور فرضی رپورٹس مرتب کر کے ارسال کرنے لگ گئے آڈٹ رپورٹ میں انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کے باعث شعبہ ہاﺅسنگ کے زونز II,III,IV,V,VI,VII اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہاﺅسنگ ڈائریکٹوریٹ کی حدود میں آنیوالے 297 رہائشی اور تجارتی پلاٹوں پر قبضہ کرتے ہوئے تجاوزات و تعمیرات قائم کر دی گئی ہیں جس سے حکومتی خزانے کو 5 ارب 94 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچا ہے۔ ایل ڈی اے ایکٹ 1975 کے سیکشن 39 اور 40 کے تحت اتھارٹی کو غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے اور غیر مجاز تعمیرات کو گرانے کا اختیار حاصل ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ ہاﺅسنگ کے مختلف ڈائریکٹوریٹ کی حدود میں ایسے 15 کیس سامنے آئے ہیں جس میں اتھارٹی کو ایل ڈی اے کی ملکیت کے 297 پلاٹوں کو مختلف قبضہ مافیا سے واہگزاری پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایل ڈی اے عملہ کی مبینہ غفلت کے باعث پلاٹوں پر تجاوزات قائم کر دی گئی ہیں۔ جبکہ اتھارٹی کا انسداد تجاوزات سیل اربوں روپے کی جائیدادوں سے تجاوزات کو ہٹانے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔ آڈٹ کمیٹی نے مئی 2023 میں تجاوزات کی ہوئی اراضی کی عدم بازیابی کی نشاندہی کی تھی جبکہ اسپیشل ڈیپارٹمنٹل اکاﺅنٹس کمیٹی کی 6 جولائی 2023 اور 5 ستمبر 2023 کو منعقد ہونے والی میٹنگوں میں زیر التواءپیراز پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ جس میں ڈرافٹ پیراز نمبرز 21،32،35،38،39،41،48،57،60 کے 9 کیسیز میں اتھارٹی نےکی طرف سے وضاحت پیش کی گئی تھی کہ پلاٹس عدالتوں اور بونافائیڈ کمیشن میں زیر سماعت ہونے کی وجہ سے التواءکا شکار ہیں۔ جبکہ کمیٹی نے اعتراض عائد کیا کہ نے عدالتوں اور بونافائیڈ کمیشن کے سامنے زیر التوا مقدمات کی پیروی ہی نہیں کی۔ کمیٹی نے اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ کیسوں کی بھرپور پیروی کریں اور پلاٹوں کا قبضہ واپس حاصل کریں۔ اسی طرح ڈرافٹ پیراز نمبر 40 اور 64 کے 2 کیسیز میں اتھارٹی نے وضاحت کی ہے کہ غیر قانونی قابضین کو جائیدادوں کی تصدیق کیلئے وجہ بتاﺅ نوٹس جاری کیے گئے ہیں مگر ا?ڈٹ کمیٹی کو اس حوالے سے کوئی ریکارڈ نہیں پیش کیا گیا۔ اسی طرح ڈرافٹ پیراز نمبر 53 اور 61 کے مطابق اتھارٹی نے فرضی رپورٹ پیش کی کہ پلاٹس بازیاب کروا لئے گئے ہیں جبکہ حقیقتاً ڈرافٹ پیرا نمبر 53 کا ریکارڈ ہی کمیٹی کو پیش کرنے سے انکار کر دیا گیا ہے اور ڈرافٹ پیرا 61 میں پلاٹوں کی ملکیت ایل ڈی اے کے نام منتقل ہی نہیں کی گئی۔ اسی طرح ڈرافٹ پیرا نمبر 36 میں اتھارٹی نے وضاحت کی کہ مصطفی ٹاﺅن کے 4 پلاٹوں کے درخواست دہندگان نے بونافائیڈ کمیشن کی جانب سے ڈھانچہ کو گرانے کی ہدایت کے باوجود 6 ماہ کی مقررہ مدت میں زمین کی قیمت جمع نہیں کرائی۔ اب کیس کو پلاٹوں کی بازیابی کیلئے سٹیٹ آفیسر کو بھجوا دیا گیا ہے۔ لیکن آڈٹ کمیٹی کی ریکارڈ کی فراہمی کی استدعا کے باوجود کوئی ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔ کمیٹی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اتھارٹی کو ہدایت دی کہ اس معاملے کی جانچ پڑتال ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہاﺅسنگ سے کرائی جائے تاکہ بونافائیڈ کمیشن کے فیصلے پر عملدرآمد میں سستی کے حوالے سے ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔ اسی طرح ڈرافٹ پیرا نمبر 4 میں اتھارٹی نے وضاحت پیش کی کہ 2006 میں قبضہ رجسٹر میں بوگس اندراجات کی وجہ سے تاج پورہ سکیم کے 39 پلاٹس کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ تجاوزات کنندگان کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔ کمیٹی نے علی بلاک نیو گارڈن ٹاﺅن لاہور کے 23 پلاٹوں کے معاملے میں اتھارٹی کے اجلاس کے دوران دیئے گئے جواب کی بنیاد پر پیرا کو محدود کر دیا اور ہدایت کی کہ 15 دن کے اندر ریکارڈ کی تصدیق کروائی جائے تاہم کافی عرصہ گزرنے کے باوجود اتھارٹی ریکارڈ فراہم نہ کر سکی تاکہ 23 پلاٹوں کی حیثیت کی تصدیق ہو سکے۔ اسلئے پیرا 23 پلاٹوں کے ریکارڈ کی تصدیق کیلئے زیر التوا رکھا گیا اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کو الاٹ کئے گئے 39 پلاٹوں کی واگزاری کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ لیسکو، سوئی گیس اور واسا کی یوٹیلیٹی سروسز کی منقطع کرنے کی ہدایات بھی دی گئیں۔ آڈٹ رپورٹ میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ ایل ڈی اے افسران اور عملہ کی لاپرواہی اور ملی بھگت سے پلاٹوں پر قبضہ کیا گیا تھا۔ آڈٹ کمیٹی نے پراپرٹی کی جلد بازیابی اور مستقبل میں ایسی غلطیوں سے بچنے کیلئے اندرونی کنٹرول کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے کی سفارش کرتے ہوئے ہدایات کی ہیں کہ جائیدادوں پر قبضے کے حوالے سے ریکارڈ کے تقدس کو یقینی بنایا جائے اور ذمہ دار افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کی جائے۔
اس حوالے افسران اور ترجمان لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے وضاحت کیلئے رابطہ کیا گیا ہے لیکن ترجمان کی طرف سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔ اس خبر کے حوالے سے اگر کوئی افسر یا ترجمان اپنا موقف پیش کرنا چاہے تو ان کے موقف کو ادارہ ہذا میں من و عن شائع کی جائیگا۔
ایل ڈی اے افسران کی نااہلی یا مجرمانہ غفلت، 297 پلاٹوں پر قبضہ مافیا کا راج



















