وانا:دھماکہ،7جاں بحق،متعدد زخمی،شمالی وزیرستان:آپریشن،17خوارج جہنم واصل

وانا (مشرق نیوز) جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ،متعدد افراد زخمی گئے، دھماکے میں امن کمیٹی کے رہنما کو نشانہ بنایا گیا،ڈی سی وانا کے مطابق زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر وانا ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ہسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی،متعدد افراد کے ملبے تلے دبنے کی اطلاعات ہیں، ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں،دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وانا میں امن کمیٹی کے دفتر کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی،محسن نقوی نے کہا معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، بزدلانہ کارروائیاں قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

راولپنڈی (بیورورپورٹ) سکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر پر فالو اپ آپریشن میں مزید 17 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا،آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر فالو اپ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 17 خارجی مارے گئے، ہلاک خوارج سے ہتھیار، گولیاں اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے،ترجمان پا ک فوج کے مطابق پاک افغان بارڈر پر آپریشن میں 54 خارجی مارے گئے تھے، گزشتہ 3 روز میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 71 خارجی ہلاک ہوئے،آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں، سکیورٹی فورسز ملکی امن و استحکام و ترقی کو سبوتاڑ نہیں ہونے دیں گی۔