فضا میں بلند پرواز،زمین پر تیز ترین رفتار،ائیر پنجاب،بلٹ ٹرین پراجیکٹ منظور

لاہور: (اپنے رپورٹر سے)فضا میں بلند پرواز،زمین پر تیز ترین رفتارپاکستان کی پہلی صوبائی ایئر لائن اور پاکستان کی پہلی بلٹ ٹرین کا آغاز کیا جا رہاہے،پنجاب پہلی صوبائی ایئر لائن ”ایئر پنجاب“ اور پہلی بلٹ ٹرین چلانے کےلئے تیارہے۔

پہلی صوبائی ایئر لائن”ایئر پنجاب“ کاپراجیکٹ خصوصی اجلاس میں پیش کر دیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نوازنے”ایئر پنجاب“ پراجیکٹ کی منظوری دےدی، لاہور سے راولپنڈی بلٹ ٹرین پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دےدی گئی، اجلاس میں”ایئرپنجاب“ کےلئے فوری طور پر چار ا یئر بس لیز پر لینے کا فیصلہ کیا گیا،ابتدائی طورپر ”ایئر پنجاب“اندرون ملک ڈومیسٹک پروازیں شروع کرے گی، ایک سال کاپیریڈ مکمل ہونے کے بعد ”ایئرپنجاب“بیرون ملک پروازیں بھی شروع کر سکے گی، ”ایئر پنجاب“کےلئے جدید ترین طیارے لیز پر لینے کےلئے فوری انتظامات کا حکم دیا گیا ،”ایئر پنجاب“ کو ملک کی بہترین ایئر لائن بنانے کےلئے ضروری انتظامات کی ہدایت کی،اجلاس میں لاہور سے راولپنڈی تک پہلی بلٹ ٹرین کے پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بلٹ ٹرین کے ذریعے لاہور سے راولپنڈی کے سفر کا دورانیہ تقریباً اڑھائی گھنٹے تک رہ جائے گا،پاکستان ریلوے کے اشتراک سے تیز ترین بلٹ ٹرین چلانے کےلئے مختلف آپشن کا جائزہ لیا گیا،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو پاکستان ریلوے سے اشتراک کار کا ٹاسک سونپ دیا گیا، بلٹ ٹرین پراجیکٹ کےلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے آپشن پر بھی غورکیا جا رہا ہے،پاکستان کی پہلی بلٹ ٹرین پراجیکٹ کے آغاز کےلئے اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کے مزید 6 روٹس پر ہائی سپیڈ ٹرین کےلئے پلان طلب کر لیا گیا،لاہور سے شاہدرہ اور نارووال تک ہائی سپیڈ ٹرین چلائی جائےگی، لاہور سے رائیونڈ، قصور، پاکپتن سے لودھراں تک ہائی سپیڈ ٹرین چلے گی،قلعہ شیخوپورہ، جڑانوالہ سے شور کوٹ تک ہائی سپیڈ ٹرین کا روٹ ہوگا،ہائی سپیڈ ٹرین شور کوٹ سے جھنگ اور جھنگ سے سرگودھا چلائی جائے گی، لالہ موسیٰ سے سرگودھا براستہ ملکوال ہائی سپیڈ ٹرین چلائی جائے گی،فیصل آباد سے چک جھمرہ اور شاہین آباد تک ہائی سپیڈ ٹرین کا روٹ ہوگا۔

دوسری جانب وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا پہلی بار پنجاب اپنی ایئرلائن لارہا ہے، ایک سال کے اندر ایئر پنجاب پروازیں شروع کردے گی جبکہ لاہور سے راولپنڈی تک نئی بلٹ ٹرین کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا، ٹرین 2 گھنٹے 20 منٹ میں اپنی منزل پر پہنچ جائے گی،پاکستان کی سلامتی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، جعفر ایکسپریس واقعے پر بھارتی میڈیا سیاست کرنے سے باز نہیں آیا، پہلگام حملے پر پاکستان نے کوئی غیر ذمہ دارانہ بیان جاری نہیں کیا، فالز فلیگ کرنا اور جھوٹے ڈرامے کرنا بھارت کا پرانا وطیرہ ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت اجلاس میں لاہور ییلو لائن اور ماس ٹرانزٹ لائن گوجرانوالہ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا،وزیر اعلیٰ نے جناح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ تا ہربنس پورہ ییلو لائن پراجیکٹ سٹڈی 30مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی،گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ لائن کی پراجیکٹ سٹڈی کےلئے 15جون کی ڈیڈ لائن مقررکردی گئی،اجلاس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

مریم نواز سے رکن صوبائی اسمبلی ملک نوشیر خان انجم لنگڑیال نے ملاقات کی ، ملاقات میں وزیراعلیٰ کے عوام دوست اقدامات کو خراج تحسین پیش کیاگیا،رکن صوبائی اسمبلی ملک نوشیر خان انجم لنگڑیال نے ملتان وہاڑی روڈ پراجیکٹ کے آغاز پر مریم نواز کا شکریہ ادا کیا،وزیراعلیٰ مریم نواز نے بنوں میں دہشتگردوں کےخلاف آپریشن میں کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا وطنِ عزیز کے دفاع کےلئے قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔