فی الحال ثالثی کی کوئی پیشکش ہوئی نہ منصوبہ ہے،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد، (بیورورپورٹ)پاکستان نے کہا ہے پہلگام واقعہ کو جواز بنا کر بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات سے علاقائی امن و استحکام کوخطر ہ ہے،یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کیاگیا، پانی کی معطلی کا اقدام جنگ کے مترادف ہو گا، بھارتی اقدامات کے جواب میں واہگہ بارڈر پر ہر قسم کی آمدو رفت بند ،سارک سکیم کے تحت بھارتیوں کے تمام ویزے معطل کردئیے ،پاکستان ،مسلح افواج اپنی خودمختاری، سرحدوں اور عوام کے دفاع کےلئے مکمل طورپرتیار ہیں،فی الحال ثالثی کی کوئی پیشکش ہوئی نہ منصوبہ ہے، جب پیشکش ہوگی تب دیکھیں گے۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان بھارت کے سندھ طاس معاہدے پر سفارتی نوٹ کو مسترد کرتا ہے، سندھ طاس پر موقف ،پالیسی غیر مبہم ہے، سندھ طاس معاہدہ لائف لائن ہے ،بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے نتیجے پر چھلانگ لگائی، عمل انتہائی بدقسمت عمل ہے،مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے واقعہ پر بھارت فوری اوور ڈرائیو پر نکل گیا ، بھارتی میڈیا کسی بھی قابل اعتماد شواہد کے بغیر پاکستان پر الزام تراشی میں ملوث ہے۔

شفقت علی خان نے کہا پاکستان کی آبی و اقتصادی سکیورٹی کےلئے سندھ طاس معاہدہ انتہائی اہم ہے،بھارت نے پانی روکنے یا رخ موڑنے کی کوشش کی تو جنگی اقدام تصور ہوگا،بھارت کے غیر ذمہ دارانہ روئیے کے پیش نظر پاکستان تمام دو طرفہ معاہدے بشمول شملہ معاہدہ معطل کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔