کوئٹہ،دھماکے میں4اہلکار شہید، پشین،بنوں،16دہشتگرد جہنم واصل

کوئٹہ،پشین،بنوں،راولپنڈی :(بیورورپورٹ)کوئٹہ میں بم ڈسپوزل سکواڈ کی گاڑی کے قریب دھماکہ،4 اہلکار شہید ، 3 زخمی ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکہ کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ میں سکیورٹی فورسز کے بم ڈسپوزل سکواڈ کی گاڑی کے قریب ہوا، شہید ہونے والوں میں صوبیدار شہزاد امین، نائب صوبیدار عباس، سپاہی خلیل ، سپاہی زاہد شامل ہیں،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لےکر ملزموں کی تلاش شروع کردی۔

صدر،وزیراعظم ،وزیر داخلہ نے کہا پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی اور قربانیوں کی معترف ہے،دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب پشین میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 10دہشتگردوں کو ہلاک کردیا،ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق پشین کے علاقے خنائی بابا میں کارروائی کی گئی،دہشتگرد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے،حملہ آوروں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا، شرپسند مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔

ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کے دوران 6خوارج کو ہلاک ،4کو زخمی کردیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 23،24اپریل کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کی اطلاع پر آپریشن کیا،کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا،شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6خوارج کو جہنم واصل ،4کوزخمی کردیا، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےلئے پرعزم ہیں۔