لاہور (اپنے رپورٹر سے+ ہیلتھ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے پنجاب کی ثقافت میرے دل کے قریب ہے، دعا ہے صوبہ ہمیشہ ہنستا اوربستا رہے،صوبائی دارالحکومت کے الحمرا ہال میں پنجابی کلچر ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے پنجاب خوبصورت صوبہ ہے، پنجابی بولنے والوں کو اپنی زبان پر فخر ہونا چاہیے، مجھے بھی پنجابی ہونے پر فخر ہے،مجھے پنجاب کی مٹی اور کلچرسے محبت ہے، مشرف دور میں ہمیں ملک سے جانا پڑا، اس وقت بھی ہمیں اپنے وطن کی بہت یاد آتی تھی۔
پنجاب کی ثقافت میرے دل کے قریب ہے،وزیراعلیٰ نے کہا 30سال بعد ملک میں ہارس اینڈ کیٹل شو کا انعقاد ہوا، کوئی بھی گانا سن لیں لیکن بھنگڑے کا کوئی متبادل نہیں ، مخالفین ملک ڈیفالٹ کرنے کی باتیں کررہے تھے، اب سٹاک مارکیٹ روزانہ کی بنیاد پر اوپر جا رہی ہے، ملک کے حالات بہت بہتر ہو رہے ہیں اور باہر سے سرمایہ کاری بھی آرہی ہے، پاکستان کی طرف پوری ڈنیا کی نظریں ہیں،مہنگائی میں کمی اور بجلی کی قیمتوں کے متعلق گفتگو کی جارہی ہے،ہسپتالوں میں عوام کوصحت کی بہتر سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، فنکاروں کےلئے جلد اقدامات کا اعلان کریں گے۔
دعا ہے ہمارا پنجاب ہمیشہ ہنستا اوربستا رہے میری پوری کوشش ہوتی ہے آٹے کی قیمت کم رہے، حکومت عوام کوریلیف فراہمی کےلئے ہرممکن اقدام کر رہی ہے،قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے 3روزہ پنجابی کلچر ڈے کا افتتاح کیا ، افتتاحی تقریب میں ملکی فنکاروں اور اعلیٰ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
علاوہ ازیں مریم نواز نے افتتاح کے موقع پر الحمرا ہال میں لگائے گئے ثقافت کے رنگوں سے سجے سٹالز کا بھی معائنہ کیا،ادھر وزیراعلیٰ مریم نواز نے ورلڈ ہیوموفیلیا ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہیوموفیلیا سے متاثرہ تمام افراد کےساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، ہم آپ کےساتھ ہیں،ہیوموفیلیا سمیت ہر نایاب مرض کا مقابلہ علم، ہمدردی اور بہتر نظامِ صحت سے کرنے کےلئے پر عزم ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہیوموفیلیا ایک خاموش آزمائش ہے،صبر اور مسلسل طبی نگہداشت کا تقاضا کرتی ہے،پنجاب حکومت تمام نایاب اور خطرناک بیماریوں سے متاثرہ افراد کی زندگیاں بہتر بنانے کےلئے کوشاں ہے، مریضوں کا جدید علاج، بلا تعطل ادویات کی فراہمی اور ماہر ڈاکٹروں کی تربیت ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
سرمایہ کاری بڑھ رہی ،پاکستان کی طرف پوری ڈنیا کی نظریں ہیں:مریم نواز



















