کلچر ڈے پر تقریب، پنجاب ہزاروں سالہ تاریخ کی امین دھرتی ہے : کمشنر ساہیوال
ساہیوال (بیورو رپورٹ) پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر ساہیوال آرٹس کونسل میں صوبے کی تہذیب و ثقافت اجاگر کرنے کیلئے نوجوانوں کے مابین پینٹنگز کے مقابلے منعقد ہوئے جس میں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے حصہ لیا اور پنجاب کی ثقافت کے مختلف رنگوں کو کینوس پر بکھیرا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ ممبر صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم مہمان اعزاز تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق، ساہیوال پریس کلب کے صدر محمد شیخ نعیم، نائب صدر میاں وسیم ریاض، جوائنٹ سیکرٹری میاں محمد رمضان اور انفارمیشن سیکرٹری محمد ارشد فریدی سمیت آرٹسٹ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ مقابلے کے جج کے فرائض پروفیسر ثمرین وقاص، پروفیسر عمران جعفر، عبدالمتین اور فاطمہ حسین نے انجام دیے جن کے فیصلے کے مطابق فخر زمان، اقصی شیرازی اور محمد شاہیر کی پینٹنگز کو بالترتیب اول، دوم اور سوم قرار دیتے ہوئے انہیں نقد انعام اور سرٹیفکیٹس بھی دئیے گئے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا کہ تہذیب و ثقافت کسی بھی خطے کی عالمی سطح پر پہچان ہے اور وہ قومیں کبھی ترقی نہیں کر سکتیں جو اپنی تہذیب بھلا دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ہزاروں سالہ تاریخ کی امین دھرتی ہے جس کے رہن سہن اور رسم و رواج کو پوری دنیا میں روشناس کرایا جانا چاہیے۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کی طرف سے بنائی گئی پینٹنگز کے معیار کو سراہا اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے شوق کو بھی جاری رکھیں تاکہ ان کی متوازن شخصیت سازی ممکن ہوسکے۔علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے گرلز کالج روڈ پر جاری پیچ ورک کے کام کی کوالٹی یقینی بنانے کی ہدایت کردی، پیچ ورک کے کام کا لیبارٹری ٹیسٹ کروایا جائے اور کوالٹی کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا جائے،گرلز کالج روڈ پر ڈرینزایک ہی ڈیزائن اور سائز کے ہونے چاہئیں، ٹف ٹائل ایک ہی لیول پر لگائی جائے تاکہ روڈ کی خوبصورتی میں اضافہ ہو۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ پاکپتن ساہیوال روڈ کو مکمل کرنے کی حتمی تاریخ دی جائے جس پر سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ پاکپتن ساہیوال روڈ پر سیوریج کا کام 30 اپریل تک مکمل کردیا جائیگا۔ چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد نے بتایا کہ ٹینکی چوک میں ٹف ٹائل لگانے کا کام آج مکمل کرلیا جائے گا جبکہ نئے الیکٹرک پولز لگانے اور پرانے پولز کی شفٹنگ کا کام بھی آج سے شروع کردیا جائے گا۔سٹی منیجر پسپ محمد اسجد خان نے بتایا کہ منظور کالونی میں سیوریج لائن بچھانے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔



















