منرلز انوسٹمنٹ فورم آج سے شروع ،معاہدے متوقع، وزیر اعظم،آرمی چیف خطاب کرینگے

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم کا اسلام آباد میں آج سے آغازہوگا، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر خطاب کریں گے، مقصد پاکستان کے معدنی ذخائرمیں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگرکرنا ہے، پائیدارمعاشی استحکام کیلئے معدنی وسائل کو بروئے کار لانا ہوگا، فورم میں300 غیرملکی نمائندے شرکت کریں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا معدنیات کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے منرلز انویسٹمنٹ فورم اہمیت کا حامل ہے، فورم میں پاکستان کے معدنی ذخائرمیں سرمایہ کاری کے مواقع کواجاگرکیا جائے گا، منرلزانوسٹمنٹ فورم میں 300 غیرملکی نمائندے شرکت کریں گے۔

منرلز انوسٹمنٹ فورم کے موقع پر معاہدے بھی متوقع ہیں،علی پرویز ملک نے کہا فورم میں ریکوڈک سمیت اہم معدنی منصوبوں میں سرمایہ کاری، سکیورٹی اور حکومتی پالیسیوں پر توجہ مرکوز ہوگی، فورم میں شرکت کیلئے غیرملکی مہمانوں کی آمد شروع ہو چکی ، فورم میں تقریباً 2 ہزار مہمانوں کی شرکت متوقع ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر او جی ڈی سی ایل احمد حیات نے کہا منرلزانوسٹمنٹ فورم کا انعقاد اب باقاعدہ سالانہ بنیادوں پر کیا جائے گا ،فورم کے مو قع پر بعض ذخائرکی دریافت کا اعلان بھی ہوگا،ادھر پاکستان منرل انوسٹمنٹ فورم میں شرکت کےلئے غیرملکی کمپنیوں کے اکابرین کی آمد جاری ہے۔