افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، 8 خوراج جہنم واصل، 4 زخمی حالت میں گرفتار

راولپنڈی، اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، سکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی میں 8 خوارج جہنم واصل، 4 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 5، 6 اپریل کی درمیانی شب اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خوارج کے گروپ نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل سے پاکستان میں داخلے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے پیش قدمی روکتے ہوئے فوری جوابی اقدام اٹھایا، فائرنگ کے شدید تبادلے، جھڑپ میں 8 خوارج ہلاک، 4 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہاپاکستان متعدد بار دہشت گردوں کی دراندازی اور موجودگی سے افغان حکومت کو آگاہ کرچکا، طالبان حکومت بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے اور اپنی سرزمین پر موجود پاکستان مخالف دہشتگردوں کےخلاف کارروائی کرے، امید ہے افغان عبوری حکومت ذمہ داری پوری، اپنی سرزمین پاکستان کےخلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں کرنے دیگی۔

اعلامیہ میں کہا گیا علاقے میں دیگر خوارج کی موجودگی کے پیش نظر آپریشن کلین اپ جاری رہیگا، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے اور سرحدوں کی حفاظت کیلئے چوکس و پرعزم ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم، وزیر داخلہ نے 8 خارجی جہنم واصل اور 4کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسروں و اہلکاروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسروں و اہلکاروں نے فتنہ الخوارج کے شرانگیزی کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ افسر و جوان ملکی سرحدوں سے کسی بھی قسم کی شر انگیزی کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں، قوم پیشہ وارانہ مہارت و جرات پر فخر کرتی ہے۔