لاہور (اپنے رپورٹر سے) وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال کی قیادت میں بجلی کی قیمتوں میں کمی پر وزیر اعظم شہباز شریف سے اظہار تشکر کیلئے ریلی نکالی گئی ،ریلی خیابان امین سے فیروزپور رو ڈ،لدھڑ ،بیدیاں سے ہوتے ہوئے مختلف مقامات سے گزری جہاں اس کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ ریلی میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی ،میاں عمران جاوید،راناراشد،بی بی و ڈیری سمیت لیگی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی ۔کارکنان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال نے کہا کہ پاکستان کی ترقی سے مسلم لیگ (ن) کو نکال دیں تو پیچھے کچھ نہیں رہ جاتا ،وزیر اعظم کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں سات روپے سے زائد کی کمی کی گئی ہے ،مشکل حالات کے باوجود وزیر اعظم شہباز شریف نے ناممکن کو ممکن بنایا ہے ،جلد مزید خوشخبریاں بھی سننے کو ملیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف بہترین اندازمیں عوام کی خدمت کررہے ہیں ،سابقہ حکومت نے عوام سے کھانے کا نوالہ تک چھین لیا تھا ہم ملک کو جلد ترقی یافتہ بنا ئیں گے ۔انہوںنے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ملکی خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔طلحہ برکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی خوشحالی اور عوام کی خدمت مسلم لیگ (ن) کی میراث ہے ، تاریخ گواہ ہے کہ ملک نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں ترقی کی ۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین ملک کے ڈیفالٹ ہونے کے دعوے کر رہے ، نواز شریف کی رہنمائی اوروزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں نہ صرف ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے سے واپس آیا بلکہ آج ترقی اور خوشحالی کی راہ پر بھی گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے پروگرام میں ہونے کے باوجود وزیر اعظم شہباز شریف نے انتہائی تدبر کے ساتھ بجلی کی قیمتوں میں فی یونٹ7روپے سے زائد کمی کی ہے جس سے صنعتوں کا پہیہ چلے گا جبکہ مہنگائی کی شرح بھی مزید نیچے آئے گی ۔
بجلی کی قیمتوں میں کمی پر وزیراعظم سے اظہار تشکر ریلی



















