دکانداروں سے کرائے نامے سائن کرائے جائیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے عنائت الٰہی کالونی، صابر ٹاون اور چک نمبر90/9Lکے لئے جامع سیوریج سکیم تیار کرنے کی ہدایت کردی تاکہ اسے پسپ پروگرام کے تحت بچھائی جانے والی مین سیوریج لائن سے ملایا جاسکے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس سکیم سے ان علاقوں کے ہزاروں مکینوں کے سیوریج مسائل حل ہوجائیں گے۔ انہوں نے بھٹونگر اور مسلم بن عقیل کالونی کے سیوریج مسائل حل کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ان علاقوں کے سیوریج مسائل کے حل کے لئے منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ اور اے ڈی سی ریونیو کیپٹن (ر) اسامہ مجید سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر بھر میں کارپوریشن کی دوکانوں کی نیلامی کے معاملات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا اور کمشنر نے ہدایت کی کہ نیلامی میں کامیاب ہونے والے دوکانداروں سے کرائے نامے فوری سائن کئے جائیں جن میں ان سے کرائے کے بقایا جات کی وصولی کا ٹائم شیڈول بھی طے کیا جائے۔ انہوں نے ہائی سٹریٹ اور فرید ٹان روڈز کو ٹریفک کے لئے ماڈل روڈز بنانے کی بھی ہدایت کی۔