لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے ملک میںخوشخبریوں کا موسم شروع،وزیراعظم جلد ایک اور بڑا سرپرائز دینگے،آئی ایم ایف کو خط لکھنے والے تکلیف میں ہیں، گنڈا پور کی وزارت اعلیٰ خطرے میں ہے، اپنی جماعت کے لوگ ہی وزیراعلیٰ کے پی کو کرپٹ قرار دے رہے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہابجلی قیمتوں میں کمی پر وزیراعظم ،ٹیم مبارکباد کے مستحق ہیں، گرمیوں کے موسم میں عوام کو بڑا ریلیف حاصل ہوگا ،ریلیف مشکل مرحلے کے بعد ممکن ہوا کیونکہ آئی ایم ایف کو منانا آسان نہیں تھا،حکومت نے آئی ایم ایف کو بھی قائل کر کے بڑا کارنامہ انجام دیا ، وزیراعظم جلد ایک اور بڑی خوشخبری کا اعلان کرنے والے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہاکے پی میں کرپشن کے قصے زبان زد عام ہیں، گنڈا پور کی جانب سے پارٹی پر 75کروڑ خرچ کرنے کا بیان قابل تشویش ہے، شہباز شریف نے ملکی معیشت کو سنبھالا اور سری لنکا جیسے حالات پیدا کرنے کی سازشوں کو ناکام بنایا،پنجاب کے رمضان سہولت بازاروں میں عوام کو 1.11ارب کی بچت فراہم کی گئی، 3.57ارب کی خریداری ہوئی۔
28ہزار شہریوں نے سہولت بازار سے 3کروڑ کا سامان فری ہوم ڈیلیوری کے ذریعے حاصل کیا، اگست تک 13نئے سہولت بازار قائم کیے جائیں گے ، 69کروڑ کی لاگت سے موجودہ بازاروں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائےگا،عظمیٰ بخاری نے کہامریم نواز جہاں عوامی مفاد دیکھیں گی وہیں منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
”سہولت آن دی گو“پائلٹ پروگرام کے تحت 14مقامات پر موبائل سہولت مراکز قائم کیے جا رہے ہیں،صفائی، ادویات کی دستیابی اور ملازمتوں کی فراہمی پر بھی حکومت سرگرم ہے،ایک ارب کی لاگت سے ایک لاکھ افراد کو ملازمتیں دی گئیں ،عید پر صفائی کا مربوط نظام لاگورہا،تمام ادویات اب مارکیٹ میں ڈسپلے پر دستیاب ہوں گی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کے پی میں صحت، تعلیم ، انفراسٹرکچر کی صورتحال بدتر ہے ، ہینڈ گلوز جیسے بنیادی سامان کی خریداری پر بھی کرپشن کے شواہد موجود ہیں، ہسپتالوں،مساجد اور گندم کی خریداری کے نام پر اربوں روپے ٹائیگر فورس میں تقسیم کئے گئے ،وفاقی حکومت 600 ارب کے امن و امان کے فنڈز کا حساب لے،این ایف سی ایوارڈ میں پیسوں کی تقسیم سے پہلے خرچ کا حساب ہونا چاہیے۔
خوشخبریوں کا موسم شروع، وزیراعظم جلد ایک اور بڑا سرپرائز دینگے: عظمیٰ بخاری



















