لاہور(اپنے نمائندے سے)ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد کا زائرین سے پاپوش کی اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار کیخلاف کارروائی، 10ہزار جرمانہ سمیت مقدمہ درج، ذمہ دار شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف کے زیر انتظام بادشاہی مسجد میں زائرین کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی خاطر زیڈ اے بادشاہی مسجد کی جانب سے انتظامات یومیہ کی بنیاد پر کئے جارہے ہیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس حوالے سے پاپوش کی حفاظت کی خاطر ٹھیکیدار کو ذمہ داری دے رکھی ہے۔ گزشتہ روز بادشاہی مسجد لاہور میں جوتوں کے ٹھیکیدار کے ملازم کی اوور چارجنگ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں فرحان حسن نامی متعلقہ شخص بھاری رقم وصول کر رہا تھا۔ انتظامیہ نے متعلقہ ٹھیکیدار کے ملازم کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے 10,000 روپے جرمانہ کیا اور متعلقہ شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی اور و ہ شخص اب زیرحراست ہے۔ زیڈ اے بادشاہی مسجد محمد علی خان کا کہنا تھا کہ کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ زائر کو کسی قسم کی مشکل میں مبتلا کرے، ریٹ کے مطابق پاپوش کی حفاظت کی رقم وصول کرنے کے علاوہ اوور چارجنگ کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جا سکتی۔ اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے جیسے ہی کوئی زائر شکایت کرتا ہے اس پر کارروائی ہوتی ہے۔ اسکے علاوہ سرپرائز چیکنگ بھی کی جاتی ہے اوور چارجنگ سمیت زائر کے دیگر تمام مسائل کو حل کرنا ہماری ذمہ داری کے ساتھ اہم فریضہ بھی ہے۔
بادشاہی مسجد میں اوورچارجنگ پر ٹھیکیدار کو جرمانہ، مقدمہ درج



















