ساہیوال (بیورو رپورٹ) ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عید الفطر کے موقع پر ڈویژن بھر میں مثالی صفائی کے تمام انتظامات مکمل کرلئے، ہر تحصیل میں کنٹریکٹرز نے سینٹری ورکرز کو وردیاں اور ضروری سامان بھی فراہم کردیا، انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر آفس میں خصوصی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں سی ای او ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افتخار احمد، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ سمیت تمام بلدیاتی اداروں کے چیف افسران اور کنٹریکٹرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے زور دیا کہ عید الفطر کے موقع پر تمام سینٹری ورکرز کی حاضری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کا صفائی کے حوالے سے یہ پہلا بڑا امتحان ہے جس پر پورا اترنا کمپنی کے کنٹریکٹرز کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر تحصیل میں صفائی کی ذمہ داری متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور چیف آفیسرز کی ہوگی اور انہی سے ہی پوچھ گچھ ہوگی۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا کہ شہروں میں مساجد، عیدگاہوں، قبرستانوں اور پارکوں کی صفائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے بھرپور کوششیں کرنے اور عوام کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے سپیشل سکواڈ بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سی ای او افتخار احمد نے بتایا کہ ڈویژن کی ہر تحصیل کے کنٹریکٹرز نے سینٹری ورکرز کو وردیاں فراہم کردی ہیں تاکہ ان کی شناخت ممکن ہو۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کمپنی ڈویژن بھر میں مثالی صفائی کو ممکن بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ عوام کی توقعات پر پورا اتراجا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کی شکایات نوٹ کرنے کے لئے 1139ٹول فری نمبر بھی ایکٹوویٹ کردیا گیا ہے۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبا ل سید نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی سست روی کا نوٹس لے لیا، متعلقہ ادارے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لئے کمرکس لیں، جہاں فنڈز کی کمی رکاوٹ ہو اسے فوری دور کرایا جائے گا، کمشنر کی یقین دہانی۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ڈویژنل ڈویلپمنٹ ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان سمیت متعلقہ محکموں کے ڈویژنل و ضلعی افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے سڑکوں کی بحالی کے منصوبوں میں ڈرینز شامل نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ اربوں روپے لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑک صرف ڈرین نہ ہونے کی وجہ سے مہینوں میں خراب ہوجاتی ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے دیہی مراکز صحت اور بنیادی مراکز صحت کی بحالی کے دوسرے مرحلے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان نے اجلاس کو بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت156منصوبوں پر کام جاری ہے جن پر لاگت کا کل تخمینہ77ارب روپے سے زائد ہے ان میں 96جاری منصوبوں پر تخمینہ37ارب71کروڑ10لاکھ اور60نئے منصوبوں کے لئے39ارب 34کروڑروپے مختص کئے گئے ہیں۔
عید الفطر پر تمام سینٹری ورکرز کی حاضری یقینی بنائی جائے: کمشنر ساہیوال



















