عیدالفطر پر شہریوں کو بہترین صفائی کا تحفہ پیش کیا جائے: شعیب اقبال سید

ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا شہر کا تفصیلی دورہ،بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے اوپن ڈرین بنانے،تجاوزات کے خلاف جاری مہم،صفائی کی صورتحال اور پسپ پروگرام کے تحت ہائی سٹریٹ پر جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا،چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد،میونسپل آفیسر وقاص اکرم اور متعلقہ عملہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ شہر میں صفائی کی صورت میں بہتری کی بہت گنجائش ہے لہٰذا زیادہ دلجمعی سے صفائی پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے گرلز ایلمنٹری دفاتر کے اطراف صفائی بہتر کرنے کی بھی ہدایت،کمشنر گول چکر سے لیاقت چوک،جناح چوک،پاکپتن بازار، دیپالپور بازار سے جوگی چوک تک پیدل گئے اور ملبہ ہٹانے کے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے بعد دوبارہ عارضی تجاوزات قائم ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور انہیں فوری ختم کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے جوگی چوک سے نہر لوئر باری دو آب تک زیرتعمیر ڈرین کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا اور اسے ٹائم فریم کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس ڈرین کی تعمیر سے شہر سے بارش کے پانی کی نکاسی بہتر ہو گی۔ اس سے پہلے اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ عید الفطر پر شہریوں کو بہترین صفائی کا تحفہ پیش کیاجائے اور شہر کے کسی کونے میں، گلی یا محلے میں ناقص صفائی کی شکایت نہ آئے۔ انہوں نے اگلے دو دنوں میں گرلز کالج روڈ کا پیچ ورک کروانے کی بھی ہدایت کی تاکہ شاپنگ کے لئے آنے والوں کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔