عمران کی رہائی معافی سے مشروط ،9 مئی واقعات پر صدق دل سے معذرت کرنا ہوگی: مشیر وزیراعظم

اسلام آباد، مریدکے: (بیورو رپورٹ+ نمائندہ خصوصی)مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے عمران خان کی رہائی کو معافی سے مشروط کردیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہابانی پی ٹی آئی عمران خان اگر 9 مئی واقعات پر صدق دل سے معافی مانگ لیں تو رہائی ممکن ہو سکتی ہے، بانی پی ٹی آئی چور راستے کے ذریعے انقلاب لانا چاہتے ہیں جو ممکن نہیں، تبدیلی صرف جمہوری جدوجہد کے ذریعے ممکن ہے، موجودہ ملکی صورتحال میں قومی قیادت کو مل بیٹھنا ہوگا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر صنعت وپیداوار رانا تنویر نے کہا بانی پی ٹی آئی مانیں غلطیاں ہوئیں، معافی مانگیں، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں حکومت کی حمایت کریں پھر شاید قوم معاف کردے، مجھے مستقبل کی سیاست میں عمران خان کا کوئی کردار نظر نہیں آتا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر نے کہا عمران خان اور ٹولے نے ملک میں تباہی مچائی۔ کرپشن، بدعنوانی کی داستانیں رقم کی گئیں، ملک کیخلاف دشمن سے بڑھ کر سازشوں میں مصروف رہے، سب کچھ قوم کے سامنے بے نقاب ہوگیا، عمران خان معافی مانگ کر مہنگائی اور دہشت گردی کے خاتمے میں حکومت کی حمایت کریں وگرنہ قوم معاف نہیں کریگی۔