شوگر ملز کاڈیلیوری آرڈرز پر سٹہ کھیلنا چینی مہنگی ہونے کی وجہ، اربوں کی کمائی

راچی:(بیورورپورٹ)شوگر ملز کاڈیلیوری آرڈرز پر سٹہ کھیلنا چینی مہنگی ہونے کی وجہ، ایجنٹس نے اربوں روپے کمالیے،ہوشربا تفصیلات سامنے آگئیں۔

ذرائع کے مطابق شوگر ڈیلرز کی جانب سے شوگر ملز کے ڈیلیوری آرڈرز پر سٹہ کھیلنے کی وجہ سے چینی مہنگی ہوئی،ملک بھر میں چینی کی گراں فروشی کے خلاف وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی سمیت سندھ بھر میں 3 وفاقی اداروں کی مشترکہ ٹیموں کے شوگر مافیا کےخلاف بھرپور کریک ڈاﺅن کی وجہ سے قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی۔

کارروائیوں میں شامل حساس ادارے کے ذمہ دار افسر کے مطابق ایف آئی اے، ایف بی آر اور انٹیلی جنس بیورونے شوگر مافیا کےخلاف 2 روز قبل مشترکہ کریک ڈاﺅن شروع کیا ،ہول سیل ڈیلرز کی پکڑ دھکڑ شروع کی گئی،کوئی باقاعدہ گرفتاری تو عمل میں نہیں آئی تاہم چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران ہی شوگر مافیا نے گھٹنے ٹیک دئیے اور فوری طور پر چینی کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوگئی۔

ہوشربا تفصیلات کے مطابق چینی کے ہول سیل بیوپاریوں نے فروری میں شوگر ملز سے ایڈوانس میں ڈیلیوری آرڈرز حاصل کیے، چینی کے ذخائر شوگر ملوں میں رہے ،ایجنٹوں نے ڈیلیوری آرڈرز کو کئی کئی ایجنٹوں تک فروخت کیا۔

ذرائع کے مطابق کسی نے فی کلو5 روپے منافع کمایا تو کسی نے 2 یا 3 روپے کلو رکھے، ہر ایجنٹ نے اپنا منافع رکھ کر ڈیلیوری آرڈرز آگے فروخت کیے جس کی وجہ سے چینی مارکیٹ میں آنے سے پہلے ہی مہنگی ہوگئی، کراچی میں اجناس کی ہول سیل مارکیٹ نیوچالی یا جوڑیا بازار کے ہر ایک ہول سیلر نے ایک ماہ میں چینی کی فی کس ایک ارب سے زائد کی خرید و فروخت کی،مشترکہ کارروائیوں پر ڈیلرز نے چینی کی قیمت میں کمی کے ڈکلیئریشن جمع کرائے تو قیمت معمول پر آنا شروع ہوگئی ،بحران میں شوگر ملز مالکان سے زیادہ ایجنٹس نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور فی کس کروڑوں روپے کا دھندا کیا۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت چینی کی قیمت میں اضافے کے معاملے پر ہونےوالے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی،ذرائع کے مطابق اجلاس میں شوگرملز مالکان کمرشل صارفین کےلئے قیمت مقررکرنے کے حق سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں ہوئے اور چینی کی ایکس مل قیمت 159 روپے صرف ایک ماہ کےلئے مقرر کرنے پر مشکل سے آمادگی دکھائی،شوگر ملز مالکان چینی کے 2 نرخ مقرر کرنا چاہتے ہیں مگر حکومتی ٹیم کے مطابق چینی کے 2 نرخ مقرر نہیں کر سکتے۔

ملز مالکان نے کہا گھریلو کوسستی اورکمرشل صارفین کےلئے مہنگی چینی فراہم کریں گے ،رواں سال گنے کی قیمت 700 سے 750 روپے من ادا کی گئی،حکومتی ٹیم نے کہاکسان کو گنے کی قیمت 350 روپے من ادا کی گئی، کیسے یقینی بنایا جائےگا منڈی میں گھریلوصارفین کےلئے فراہم کی گئی چینی گھریلو صارفین تک ہی پہنچے گی؟،منڈی والے گھریلو صارفین کےلئے فراہم کی گئی چینی کمرشل نرخ پرمشروبات ،بیکریوں کو ہی بیچیں گے، فیصلے سے مارکیٹ میں چینی کی کمی ہوگی ،نرخ بڑھیں گے،اختلافات کے بعد معاملے پر دوبارہ اجلاس بلانے کا فیصلہ ہو گا اور چینی کی قیمت پر اگلا اجلاس عید کے فوری بعد بلایا جائے گا۔