رمضان کے باعث چینی کی خسارے میں فروخت ، چھاپے بند کئے جائیں : کریانہ مرچنٹ

لاہور (کامرس رپورٹر) مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن لاہور نے کہاہے شوگرملز ،ڈیلرزاورسٹہ باز طے شدہ منصوبے کے تحت اربوں روپے کا منافع کما چکے ہیں جبکہ اس کے برعکس ہول سیلرز اور پرچون فروشوںکا منافع کم ترین سطح پربر قرار ہے ، شوگر ملز پیداواری لاگت 8روپے 75پیسے بڑھنے پر 50روپے منافع کما رہی ہیں ،اخراجات کو پیش نظر رکھتے ہوئے زمینی حقائق کے مطابق کریانہ دکاندار وں کا منافع بھی 10فیصد کے تناسب سے 18سے 19روپے کلو بتنا ہے ، رمضان المبارک کی وجہ سے موجودہ خسارے کو برداشت کر رہے ہیں لیکن عید الفطر کے بعد نا انصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس صدر طاہر ثقلین بٹ کی زیرصدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میںسرپرست حاجی طارق فیروز ، چیئرمین رانا منظور، چودھری لیاقت ،سینئر نائب صدورحاجی رمضان ، حاجی نواز، چودھری لیاقت، ابو بکر،ملک وسیم ، محمد شاہد، اشرف تابانی، خالد رشید، مقصود الرحمن بھٹی،میاں شکیل، سیکرٹری کوارڈی نیشن محمد بوٹا ساجد اور ذیشان غفور نے شرکت کی۔طاہر ثقلین بٹ نے کہا کہ کرشنگ سیزن کے آغاز سے ہی سٹہ مافیا سر گرم ہو گیا تھااور چینی کی قیمت پروان چڑھنے کی چہ مگوئیاںہونے لگیں تھیں، مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن نے معاملے کو بھانپتے ہوئے ارباب اختیارکو اس سنگین مسئلے سے بہت پہلے آگاہ کر دیاتھا اوراس کے لئے ہر ممکنہ ذریعے سے اطلاع دی گئی کہ شوگر مافیا پھر حرکت میں آرہاہے اوراگر ان کو کنٹرول نہ کیا گیا تو چینی کی قیمت میں بھرپور اضافے کا امکان ہے۔انہوںنے کہاکہ چینی کا مصنوعی بحران دکھا کر ،افواہیں پھیلا کر اورقیمت بڑھنے کا بتا کر 30سے45دن کا ادھار دے کر چینی ذخیرہ کرائی گئی ۔بد قسمتی سے ارباب اختیار نے ہماری ہر طرح کی تنبیہ کو نظر انداز کیا اور کوئی جواب نہ دیاگیا جس کا خمیازہ عوام مہنگی چینی خریدنے کی صورت میں بھگت چکے ہیںاور اب بھی بھگت رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ گنے کی قیمت مارچ میں 400سے700روپے من تک بڑھائی گئی جبکہ چینی کی قیمت میں اس سے پہلے ہی 40سے 50روپے کا اضافہ کر دیا گیا تھا۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن پرالزام لگایا گیا کہ ہم جھوٹی خبریں پھیلا کر ہیجان پیداکررہے ہیں اورسازش کر رہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ شوگر ملز نے جعلی اعدادوشمار دکھاکر لاکھوں ٹن چینی ایکسپورٹ کر دی اور حکومت کو ایکس مل ریٹ 140روپے سے تجاوز نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی لیکن کرشنگ سیزن شروع ہوتے ہی چینی کی پیداوار میں کمی کر دی گئی اور اخراجات بڑھنے کا واویلا شروع کر دیا گیا ۔انہوںنے کہا کہ ہم تو بروکرز سے چینی خریدنے پرمجبور ہوتے ہیںاورسٹہ باز ،بروکرز اور شوگرملز کا گٹھ جوڑ ہے اور سب کچھ کریانہ اورہول سیلرپر ڈال کر خود دودھ کے دھلے معصوم بن گئے ۔انہوںنے کہا کہ ہول سیلرز اور پرچون فروشوں کے خلاف کارروائی کر کے خوف و ہراس پیداکیا جارہا ہے جس سے چین سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔پرچون فروشوں کو بھی 10 فیصد منافع دیاجائے تاکہ رسد بغیر کسی تعطل کے جاری رہ سکے، اب پرچون فروش مزید قرانی کا بکرا نہیں بنیں گے ۔مطالبہ ہے کہ ایک دو بیگز خرید کر پاﺅ، ایک کلو فروخت کرنے والے پرچون فروشوں کے خلاف چھاپوںکاسلسلہ روکا جائے ۔