بھارتی میڈیا، پی ٹی آئی اور بی ایل اے ایک زبان بول رہے تھے،عطا تارڑ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا شکر ہے بلوچستان میں آپریشن منطقی انجام کو پہنچا، 33 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا، بھارتی میڈیا، پی ٹی آئی اور بی ایل اے ٹرین واقعہ پر ایک زبان بول رہے تھے،پاک فوج کے جوانوں نے بہادری ،دلیری کےساتھ دہشتگردوں کامقابلہ کرکے مہارت سے آپریشن مکمل کیا ،ٹرین میں 440 افراد سوار تھے، یرغمال مسافروں کو بازیاب کرا کے محفوظ مقام پر منتقل کردیا،شکر ہے بڑے نقصان سے بچ گئے۔

عطا تارڑ نے کہابھارتی میڈیا کی طرف سے منفی پروپیگنڈا کیا گیا، کچھ سیاسی عناصر نے بھی افسوسناک واقعہ کو اپنی سیاست چمکانے کےلئے استعمال کیا، سانحہ پر کھیلی گئی سیاست کی مذمت کرتے ہیں،بھارتی میڈیا،بی ایل اے اور پی ٹی آئی واقعہ پر ایک زبان بول رہے تھے، کاش آپریشن کی مصدقہ معلومات پر بات کرتے، جھوٹا بیانیہ بنانے پر پی ٹی آئی کو شرمسار ہونا چاہیے۔

وزیر اطلاعات نے کہا وزیراعظم نے کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کو سراہا،دہشتگردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ناسور کو جڑ سے اکھاڑ کرپاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، افواج پاکستان، سکیورٹی فورسز، پولیس اور رینجرز متحرک ہیں ،دہشتگردوں کا تعاقب کیا جائےگا،وزیراعظم شہباز شریف، حکومت افواج ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کا ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم غیرمتزلزل ہے۔

عطا تارڑ نے کہابی ایل اے کے دہشت گردوں نے اپنے آپ کو ایکسپوز کیا،سازش ناکام ہوئی، دہشتگرد کبھی بھی مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے،ناسور سے نمٹنے کےلئے حوصلے اور ہمت کے ساتھ تیار ہیں،وزیراعظم بلوچستان کا دورہ کریں گے اور تفصیل سے لائحہ عمل پر روشنی ڈالیں گے۔