حافظ نعیم الرحمن کا رمضان المبارک کے بعد بڑی احتجاجی تحریک کا عندیہ

لاہور (مشرق نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے رمضان المبارک کے بعد بڑی احتجاجی تحریک شروع کرنے کا عندیہ دیدیا۔پارٹی کی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس ہوا جس میں عوام کے حقوق کیلئے جاری تحریک سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا ، مجلس شوریٰ کے اجلاس میں رمضان المبارک کے بعد بڑی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاہدہ میں تبدیلی کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں مل رہا ، عوام کو بجلی کے بلوں اور پٹرول کی قیمت میں بڑا ریلیف ملنا چاہیے، پہلے مرحلے میں مرکزی شاہراہوں پر دھرنے دیں گے ، گورنر ہاوس اور پھر وزیر اعلیٰ ہاوس کا گھیراو کیا جائیگا ، حکومت کے پاس پھر عوام کو ریلیف دینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ کسا ن اگر جگہ جگہ اپنے حق کیلئے نکلیں گے تو حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے، جماعت اسلامی عوام کی ترجمانی کریگی، حکومت فارم 45 کی ہونی چاہیے، ہماری تحریک جاری ہے،تصادم کرنے سے معاملات حل نہیں ہوتے، پرامن سیاسی مزاحمت ہی مسئلے کا حل ہوتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ رئیل سٹیٹ بلڈرکی طرح رویہ رکھے ہوئے ہیں، فلسطینی قوم اپنی غیرت کا سودا نہیں کرنے دے گی، غزہ والے گزشتہ کئی دہائیوں سے جدوجہد کررہے ہیں، اسرائیلی قابض فورس ہے، فلسطین فلسطینیوں کا ہے، ٹرمپ کا فارمولا سب نے مسترد کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست ایک ہی ہے وہ فلسطین کی آزاد ریاست ہے ، پاکستان کو بھی اپنی حیثیت پہچاننی چاہیے، مسئلہ کشمیر پر بھی ہماری واضح پالیسی ہے، مسئلہ کشمیر پراقوام متحدہ کی قراردادیں 78سال سے موجود ہیں، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

کرکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم نے کہا تھا پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک اچھے کپتان کی ضرورت ہے، آج سے 3 سال پہلے کپتان کو تبدیل کرنے کی بات ہوئی، رضوان کو 3 سال پہلے سے کپتان برقراررکھتے تو بابراعظم کی پرفارمنس بھی ٹھیک ہوتی، بابراعظم کو جب کپتانی سے ہٹایا توتب سے اب تک اس پر پریشر ہے۔