ملک بے جا مراعات کا متحمل نہیں ہو سکتا ، ٹیکس بڑھا ئیں گے،وزیر خزانہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہاہے ملک بے جا مراعات کا متحمل نہیں ہو سکتا، اے آئی کی مدد سے ٹیکس بڑھا ئیں گے۔

کا ریٹیلرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اورنگزیب نے کہامعیشت درست سمت جا رہی ہے، پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروباری برادری ، سرمایہ کاروں کو فائدہ ہو رہا ہے ،حکومت معیشت کے تمام شعبوں میں بنیادی اصلاحات کر رہی ہے، اصلاحات سے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا ،وزیر خزانہ نے کہاوزیراعظم اور ٹیم معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہے، رائٹ سائزنگ کےلئے مکمل پلان تیار کرلیا، اداروں کے تمام معاملات کو دیکھ کرہی رائٹ سائزنگ کی جائے گی، نجکاری کے عمل کو مزید شفاف کر رہے ہیں،اپنے معاشی اہداف کا مکمل ادراک ہے، حکومتی اخراجات میں کمی کےلئے اقدامات کر رہے ہیں، پائیدار معاشی استحکام کےلئے تمام اقدامات کیے جائیں گے، ملک بے جا مراعات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا معیشت میں ریٹیل سیکٹر کا حصہ 19 فیصد جبکہ ٹیکسز میں ریٹیل سیکٹر کا حصہ ایک فیصد ہے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو استعمال کرکے ٹیکس بڑھائیں گے،9.4 ٹریلین کیش کی ڈاکیومینٹیشن کرنی ہے، قومی ائیر لائن کی نجکاری کو ری لانچ کر رہے ہیں، 30 جون تک تمام اداروں کی رائٹ سائزنگ کا عمل مکمل کریں گے، مینو فیکچرنگ، سروسز اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسز کا تناسب پائیدار نہیں ،بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد 24 فروری کو پاکستان کا دورہ کرےگا،کلائمیٹ فنڈ پر بات چیت ہوگی، ایک سے ڈیڑھ ارب ڈالرز ملنے کی توقع ہے۔

اورنگزیب نے کہاقرض پروگرام کے تحت ششماہی جائزے کا مشن مارچ میں آئے گا،تمام امور درست سمت میں جا رہے ہیں،ایک ماہ کا کرنٹ اکاو¿نٹ خسارہ منفی میں گیا ،7ماہ کے کرنٹ اکاو¿نٹ خسارے کی صورتحال مثبت ہے،معاشی شرح نمو کو احتیاط کےساتھ آگے بڑھانا ہوگا تاکہ بوم اینڈ بسٹ سائیکل میں دوبارہ نہ جایا جائے، سٹرکچرل اصلاحات کے ذریعے ملکی معیشت کا ڈی این اے درست کیا جائے گا۔

مزید برآں قائمہ کمیٹی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا ملک کے طور پر اپنی ساکھ کھو دی، گرین پانڈا بانڈ کےلئے کوشش کر رہے ہیں،ٹیکس پالیسی کو ایف بی آر سے نکال دیا،وزارت خزانہ پالیسی کو دیکھے گی، ایف بی آر کاکام صرف ٹیکس کولیکشن ہے۔