اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،فیصل آباد،تھرپارکر:(بیورورپورٹ،کامرس رپورٹر)بارشیں کم ہونے سے خشک سالی ،ڈیموں ،زیر زمین پانی کی سطح شدید کم ،بحران شدت اختیار کرگیا ۔
راولپنڈی میں زیر زمین پانی کا لیول 700 فٹ نیچے چلاگیا، واسا نے شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ،پانی ضائع کرنے پر 2 شہریوں کے چالان کیے گئے،ایم ڈی واسا نے کہا فروری ،مارچ میں بارشیں نہ ہوئیں تو پانی کا مسئلہ مزید سنگین ہوجائے گا،شہری پانی کا استعمال کم کریں اور واسا کےساتھ تعاون کریں۔
ادھر بارشیں کم ہونے سے ملک بھر میں گندم کی پیداوار بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب کاشتکاروں نے کہابارانی و نہری علاقوں میں ایک جیسی صورتحال ہے، فیصل آباد و گردونواح میں نہری پانی نہ ملنے پر کئی کسان سیوریج کا پانی استعمال کر رہے ہیں،مزید برآںتھرپارکر کے شہروں مٹھی ،اسلام کوٹ کی ایک لاکھ سے زائد آبادی کو 2 ماہ سے میٹھے پانی کی فراہمی معطل ہے،شہری بورنگ کا کڑوا پانی پینے پر مجبور ہیں۔
علاوہ ازیںمحکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے ملک کے زیادہ تر علاقوں میں بارش کا امکان نہیں، خطہ پوٹھوہار، بنوں، سوات، کالام، کوئٹہ ،گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے ،پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
کم بارشوں سے خشک سالی ،پانی بحران شدت اختیار کرگیا



















