کرم: اسلحہ جمع کرانے کا طریقہ کار کمشنر کوہاٹ کو جمع

پشاور (مشرق نیوز) کرم میں فریقین نے اسلحہ جمع کرانے کا طریقہ کار کمشنر کوہاٹ کو جمع کرا دیا۔ ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اسلحہ حوالگی میں معاونت کریں گے، فریقین حکومت کے پاس جمع کرایا گیا اسلحہ اپنی مرضی سے کسی بھی وقت دیکھ سکیں گے۔

فریقین کو قانونی اسلحہ رکھنے کی اجازت ہوگی جس کیلئے حکومت لائسنس جاری کریگی، کرم امن معاہدے کے تحت فریقین اسلحہ جمع کرانے کے پابند ہیں۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن معاہدے کے تحت فریقین نے اسلحہ جمع کرانے کا پلان حکومت کو دیدیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرم میں فریقین بھاری اسلحہ جمع کرائیں گے، ذاتی حفاظت کیلئے حکومت فریقین کو قانونی اسلحہ لائسنس جاری کریگی، کرم میں بنکرز کی مسماری کا عمل جاری ہے، تمام بنکرز کو گرایا جائیگا۔ جرگہ ممبر منیر بنگش نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرم میں اسلحہ جمع کرانے پر حکومت ہماری حفاظت کریگی، کرم میں پائیدار امن کیلئے فریقین متفق ہیں۔

جرگے کے ایک اور ممبر ارشاد حسین بنگش نے کہا کہ ک±رم میں قیام امن کیلئے دونوں فریق لچک کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ٹل پاڑا چنار روڈ کھلنے کی جلد خوشخبری دیں گے۔