گنڈاپور صوبائی صدارت سے فارغ،پہلے کمیشن پھر مذاکرات ہوں گے،پی ٹی آئی

راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹادیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے کے پی میں کرپشن پر تحفظات کا اظہار کیا اور علی امین گنڈا پور کو پیغام دیا ڈیرہ اسماعیل خان کی سیاست سے باہر آئیں،صوبے میں دہشتگردی ، گورننس کے معاملات پر فوکس کریں۔

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہابانی پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی صدارت سے ہٹا کررکن قومی اسمبلی جنید اکبر کو پی ٹی آئی کے پی کا صدر نامزد کردیا ،علی امین گنڈا پور پر بطور وزیراعلیٰ بہت ذمہ داریاں ہیں اور کے پی میں امن امان کی صورتحال بھی سب کے سامنے ہے،صوبائی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ گنڈا پور کی خواہش پر کیا گیا، مشال یوسفزئی بشریٰ کی ترجمان ہیں ،پارٹی کی ترجمانی کےلئے پارٹی میں مختلف ذمہ دار موجود ہیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہافیصلہ جنید اکبر کی عمران خان سے جیل میں ملاقات کے دوران کیا گیا،ایم این اے عاطف خان، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر، ایم پی اے پنجاب میاں فرحت عباس بھی موجودتھے، پی ٹی آئی کی سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کو پنجاب میں اہم تنظیمی عہدہ ملنے کا امکان ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا اگر حکومت مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات 28 جنوری کو کراتی ہے تو پھر دیکھیں گے،موقف یہی ہے پہلے کمیشن بنائیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا حکومت 28 جنوری کو ملاقات کرائے۔

ادھر پی ٹی آئی کے نومنتخب صوبائی صدر جنید اکبر نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہااپنے قائد عمران خان کا بے حد مشکور ہوں،مجھے علی امین گنڈا پور، عاطف خان اور شاہ فرمان کے مشورے سے چنا گیا،اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز گاوں کی صدارت سے شروع کیا، مڈل کلاس کا بندہ ہوں ،پوزیشن مجھے محنت سے ملی ،مثال دوسری جماعتوں میں نہیں ملتی،امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، تمام کارکن میرے لیے ہمیشہ کی طرح دعا کریں،پارٹی میں کسی گروپ بندی کی گنجائش نہیں، ایک تھے، ایک ہیں اور رہیں گے۔


سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت سے مذاکرات کے چوتھے دور سے قبل پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کی شرط رکھ دی،ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہاحتمی مو¿قف مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کے بعد دیں گے۔

دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا 28جنوری کی مذاکراتی نشست میں نہیں بیٹھیں گے،بانی پی ٹی آئی سے طویل ملاقات میںمذاکرات سمیت اہم امور پر مشاورت کی گئی۔

عمران خان نے کہامطالبات پورے نہ ہونے پر28 جنوری کی نشست میں نہیں بیٹھیں گے، مذاکرات کو کمزوری نہ سمجھاجائے،8فروری کو لوگ باہرنکلے،لاہورسمیت ہرجگہ میدان مارا،پی ٹی آئی کامینڈیٹ چرایا گیا، عدالتوں میں بھی گئے،انصاف نہیں ملا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہاآئینی و قانونی جنگ لڑ رہے ہیں، سیاسی جنگ بھی لڑتے رہیں گے، مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے،لاپتہ افراد کا کیس اٹھائیں گے،مذاکرات میں تعطل کی ذمہ دارحکومت ہے،ملکی ترقی کیلئے بات کرنا پڑے گی،بانی پی ٹی آئی نے پھر دہرایا نظام کو موقع دیا،کمیشن کااعلان ہونے تک مذاکرات میں نہیں بیٹھیں گے،رہنما پی ٹی آئی نے کہاکون کہتا ہے 26 نومبر کو گولی نہیں چلی،شہید وگمشد ہ افراد کا ڈیٹا دنیا ،عوام کے سامنے رکھیں گے اب بھی وقت ہے ملک کاسوچیں۔

شبلی فراز نے کہا حکومت اگر جوڈیشل کمیشن نہیں بناتی تو پھر دال میں کچھ کالا ہے،واضح ہدف 26 مئی اور 9مئی واقعات کی غیر جانبدارتحقیق ،جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، حکومت کے پاس بہترین آپشن ہے کمیشن بنائے اور قابل یقین صورتحال پیدا کرے،حکومت کمیشن بنا دیتی ہے تو مذاکرات جاری رکھنے پر کوئی اعتراض نہیں، 8دن ہو گئے کچھ نہیں ہوا،نیک نیتی سے کام ہو گا تو نتائج سامنے آئیں گے،ملکی بہتری اور معاشی سیاسی استحکام لانے کےلئے دروازے کھلے ہیں۔

دریں اثنا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہافراخدلی سے مذاکرات میں بیٹھے ، حکومت کی کمیشن بنانے کی کوئی نیت نہیں،کمیشن نہیں بننے جا رہا تو حکومت کےساتھ صرف ہیلو ہائے اور فوٹو سیشن کیلئے تو نہیں بیٹھنا ،بات چیت بہترین راستہ ہے اور مذاکرات ہونے چاہئیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہامذاکرات کیلئے نہیں جا رہے لکھ کر بھی دینا ہوا تو دے دیں گے،حکومت نہیں چاہتی سچ سامنے آئے، اگلے لائحہ عمل کا اعلان بانی پی ٹی آئی کریں گے۔