لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان سے ایران کی پارلیمنٹ کے رکن محمد میرزائی ایران کی قیادت میں وفد نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی ۔ ایرانی پارلیمانی وفد میں علی اکبر علی زادہ بورمی، امیر حسین ثابتی مونفرد اور علی معروفی شامل تھے ،ملاقات میں قونصل جنرل ایران لاہور مہران موحدفر، مسٹر حسینی اور علی اصغر مسعودی بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں پارلیمانی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مذہبی اور ثقافتی خوشگوار تعلقات ہیں، پارلیمانی رابطے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات علاقائی امن و استحکام کیلئے اہم ہیں۔پاکستان، ایران تاریخی تعلقات کو تجارتی تعلقات میں تبدیل کرنا باہمی ترقی کیلئے ضروری ہے۔ ایران رکن پارلیمنٹ محمد میر زائی نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ مختلف ثقافتی شعبوں میں تعلقات کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے، محمد میرزائی نے سپیکر ملک محمد احمد خان کو ایران کے دورے کی دعوت دی جس کا سپیکر نے خیر مقدم کیا۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے وفد کو پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان کا دورہ بھی کروایا۔ ملاقات میں سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، ایڈوائزر اسامہ خاور، ملک تیمور، سٹاف آفیسر عماد حسین بھلی اور ترجمان پنجاب اسمبلی را ماجدعلی بھی موجود تھے۔
ایران تاریخی تعلقات کو تجارتی تعاون میں تبدیل کرنا باہمی ترقی کیلئے ضروری ہے :سپیکر پنجاب اسمبلی



















