ساہیوال (بےورو رپورٹ) نیشنل کالج آف سائنسز قبولہ میں ستارہ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام ستارہ اپنا روزگار سکیم کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانان خصوصی کمشنر ساہیوال سید شعیب اقبال، موٹیویشنل سپیکر قاسم علی شاہ اور سی ای او گو پٹرولیم کمپنی چوہدری خالد ریاض جٹ تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال سید شعیب اقبال نے کہا کہ تعلیم تربیت کے بغیر نامکمل ہے۔بدقسمتی سے ہماری تعلیم سے تربیت کا عنصر ختم ہوچکا ہے جس کی وجہ سے آج ہم بحیثیت قوم اخلاقی پستی کا شکار ہیں لہٰذا اساتذہ اور طلبہ تربیت کا دامن مت چھوڑیں۔انہوں نے تقریب کے شاندار انتظامات پر کالج انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔سید قاسم علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری شخصیت میں پانچ خوبیاں ہونی چاہیے، تبدیلی کو قبول کرنا، فوری رائے قائم نہ کرنا،ناپسند کو سبق آموز بنانا، ہر چیلنج کا سامنا کرنا اور زندگی کو نئے باب کی طرح شروع کرنا۔انہوں نے کہا کہ ہم پڑھے لکھے لوگوں کی فوج تو پیدا کر رہے ہیں لیکن ان میں قابلیت اور اہلیت کا فقدان ہے۔چوہدری طاہر اقبال جٹ نے کہا کہ ہمارا علاقہ بہت پسماندہ ہے اور غربت و افلاس عام ہے ہم ستارہ ویلفیئر ٹرسٹ کے پلیٹ فارم سے عوام الناس کی عرصہ دراز سے مختلف فلاحی اور رفاعی شعبوں میں خدمت کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آج کی تقریب میں تقریبا 350 بیروزگار افراد کو سات کروڑ روپے کی خطیر رقم بطور قرضہ حسنہ فراہم کی جا رہی ہے تاکہ مستحق افراد اپنا روزگار شروع کر کے حلال رزق کما سکیں۔تقریب میں دیگر مہمانوں ایم پی اے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی چوہدری محمد عمران اکرم جٹ،سابق وائس چیئرمین ضلع کونسل ساہیوال چوہدری محمد اکرم جٹ اور سابق تحصیل ناظم عارف والاامیر حمزہ خاں راتھ نے بھی بے روزگار افراد میں قرضہ حسنہ سکیم کے چیکس تقسیم کئے۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کے تمام قبرستانوں کی مکمل صفائی کی ہدایت کردی، کارپوریشن کا عملہ مرحلہ وار صفائی کو یقینی بنائے اور ان قبرستانوں کے اردگرد بھی صفائی کی جائے، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر پی ایچ اے نیازاحمد، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے شہر کے بازاروں میں جاری تجاوزات کے خلاف مہم کو بھی تیز کرنے اور اسے منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ریڑھی والوں کو متبادل جگہ بھی فراہم کی جائے تاکہ ان کا روزگار متاثر نہ ہو۔ کمشنر نے شہر کے مختلف حصوں میں کوڑا جمع ہونے کی عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں ترجیحی بنیادوں پر اٹھانے کی ہدایت کی۔ شعیب اقبال سید نے پسپ پروگرام کے تحت کمپری ہنسو چوک اور کالج چوک کی ری ماڈلنگ کے کام کو تیز کرنے اور انہیں جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ دریں اثناءکارپوریشن آج سے دیپال پور بازار میں پختہ تجاوزات کے خلاف بھرپور کاروائی شروع کررہی ہے جس سے ٹریفک کی روانی بحال ہوگی۔ چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے بتایا کہ کارپوریشن نے شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے15روزہ ایکشن پلان تیار کرلیا ہے جس پر روزانہ کی بنیاد پر عمل ممکن بنایا جائے گا جبکہ بازاروں میں ریڑھیوں اور رکشوں کاداخلہ بند کرنے کیلئے بیئرز بھی لگائے جائیں گے۔
تعلیم سے تربیت کا عنصر ختم، ہم بحیثیت قوم اخلاقی پستی کا شکار ہیں : کمشنر ساہیوال



















