ایک اور کشتی سمندر برد، 44 پاکستانیوں سمیت 50 ہلاک،ملوث افراد کےخلاف سخت کارروائی ہو گی:شہباز

میڈرڈ،اسلام آباد :(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)تارکین وطن کی ایک اور کشتی سمندر برد، 44 پاکستانیوں سمیت 50 افراد ہلاک ہوگئے۔

واکنگ بارڈرز کے مطابق 2 جنوری کو موریطانہ سے روانہ ہونے والی کشتی میں 86 افراد سوار،66 پاکستانی تھے، صرف 36 تارکین وطن کو بچایا جا سکا،مرنے والے پاکستانیوں میں سے 12 کا تعلق گجرات سے ہے،الارم فون نامی تنظیم نے کہا 6 روز قبل لاپتہ ہونے والی کشتی سے تمام فریق ممالک کے حکام کو آگاہ کیا ،12 جنوری کو سپین کی میری ٹائم ریسکیو سروس کو الرٹ کر دیا تھا تاہم کہاگیاکوئی اطلاع نہیں ۔

واکنگ بارڈرز کی سی ای او ہیلینا مالینو نے ایکس پر کہا ڈوبنے والوں میں سے 44 کا تعلق پاکستان سے تھا ،کراسنگ پر 13 دن تک اذیت میں گزارے لیکن کوئی بچانے نہیں آیا،2024 میںسپین پہنچنے کی کوشش میں 10 ہزار 457 تارکین وطن مارے گئے جوریکارڈ ہے۔

بچ جانے والے پاکستانی نے فون پر اپنے اہل خانہ کو بتایا کشتی سمندر میں کھڑی تھی تو شدید سردی کے باعث کچھ لوگ بیمار ہوگئے ،راشن بھی کم تھا،انسانی سمگلروں نے بیمار افراد کو زبردستی سمندر میں پھینک دیا اور کچھ لوگوں کو تشدد کرکے قتل کیا،ذرائع وزارت خارجہ نے کہا واقعہ کی تفصیلات لینے کے بعد باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائےگا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی،اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا انسانی سمگلنگ جیسے مکروہ عمل میں ملوث افراد کےخلاف سخت کارروائی ہو گی،کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ،انسانی سمگلنگ کےخلاف بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔