وائٹ ہاوس نے وزیراعظم کے خط کا جواب کیوں نہیں دیا، ہائیکورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)عدالت نے عافیہ صدیقی کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے امریکی صدرکو لکھے گئے خط کا وائٹ ہاوس سے جواب نہ ملنے پر وزارت خارجہ سے جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے تحریری حکم نامے میں کہا وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کو عافیہ صدیقی کی سزا معافی کےلئے خط لکھا ،وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے امریکی صدر کو لکھے گئے خط کا جواب نہیں دیا گیا، وزارت خارجہ کے مطابق یاددہانی کا خط بھی بھیجا گیا لیکن جواب نہیں آیا۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا عافیہ صدیقی کے امریکی وکیل کے مطابق خط کا جواب نہ آنا سفارتی آداب کے خلاف ہے، وزارت خارجہ کی جانب سے امریکی سفیر سے معلومات لے کر خط کا جواب کیوں نہیں دیا گیا،وزارت خارجہ امریکی سفیر سے معلوم کرے سفارتی آداب کی خلاف ورزی میں خط کا جواب کیوں نہیں دیا گیا۔