توشہ خانہ ٹو کیس پرجے آئی ٹی تشکیل، گواہی کیلئے 2سابق ملٹری سیکرٹریز طلب

اسلام آباد،راولپنڈی: (بیورورپورٹ) توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کی جے آئی ٹی تشکیل،عدالت نے 2اہم گواہوںملٹری سیکرٹریز بریگیڈیئر احمد محمود اور کرنل ریحان کو طلب کرلیا۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر واجد حسین تحقیقات کی نگرانی کریں گے، ٹیم میں سب انسپکٹر کاشف ریاض اور شمس خان شامل ہیں،ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم عمران ،بشریٰ سے تحقیقات کرے گی، ٹیم عدالت کی معاونت ،قانونی کارروائی آگے بڑھائے گی۔

دوسری جانب توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچیں ،درخواست دائر کرنے کےلئے بائیو میٹرک کرایا اور واپس چلی گئیں،بعدازاں اڈیالہ جیل میں عمران ،بشری کےخلاف توشہ خانہ ٹو کیس پرسماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کے روبرو ہوئی،ایف آئی اے کے مزید 2 گواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے گئے۔

سماعت کے دوران بشریٰ کے وکیل نے ایک گواہ پر جرح مکمل کر لی ،دوسرے گواہ پر وکیل صفائی آئندہ سماعت پر جرح مکمل کر یں گے،عدالت نے آئندہ سماعت پر سابق وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری بریگیڈیئر احمد محمود اور ڈپٹی ملٹری سیکرٹری کرنل ریحان محمود کو شہادت قلمبند کرانے کے طلب کر لیا،بعدازاں سماعت 16جنوری تک ملتوی کردی گئی۔