طالبان خواتین کو انسان نہیں سمجھتے، تعلیم کا حق چھین رکھا ہے، ملالہ یوسفزئی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے کہاطالبان خواتین کو انسان نہیں سمجھتے، ایک دہائی سے تعلیم کا حق چھین رکھا ہے، میرا دل ہمیشہ پاکستان میں رہتا ہے، اکٹھا کرنے پر مسلم ورلڈ لیگ کا شکریہ ادا کرتی ہوں،ان خیالات کااظہار انہوں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ملالہ یوسفزئی نے کہاہر لڑکی کا حق ہے 12 سال کےلئے سکول جائے، کانفرنس کا مقصد پورا نہیں ہو گا اگر افغان لڑکیوں کی تعلیم پربات نہ کریں، طالبان نے خواتین کے حقوق چھیننے کےلئے 100 سے زائد قانون سازیاں کیں،غزہ میں اسرائیل نے پورا تعلیمی نظام تباہ کر دیا ،دنیا میں 12 کروڑ ، پاکستان میں سوا کروڑ لڑکیاں سکول نہیں جا سکتیں، دنیا کے رنگوں میں پاکستانی لڑکیوں کا حصہ بھی درکار ہے، فاطمہ جناح نے آزادی اورانصاف کی جدوجہد کیلئے بہت کام کیا، تمام مردوں، خواتین، لڑکوں اور لڑکیوں کےلئے پیغام ہے لکھنے، پڑھنے اور سیکھنے کے ذریعے ترقی و بااختیار ہونے کی کوشش کریں، فلسطینی لڑکی اپنا مستقبل نہیں بنا سکتی اگر سکول نہیں جاسکتی۔

نوبل انعام یافتہ نے کہاطالبان اپنے جرائم کو ثقافت ومذہبی جواز کے طور پر پیش کرتے ہیں،بات بالکل واضح کرنی چاہیے طالبان پالیسیاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اوراسلامی تعلیمات کی عکاسی نہیں کرتیں، خواتین کی تعلیم میرے دل کے بہت قریب ہے، معیشت کی بہتری کیلئے خواتین کا کردار اتنا ہی اہم ہے جتنا مردوں کا، حقیقت ہے بیشترحکومتیں لڑکیوں کی تعلیم کو نظرانداز کرتی ہیں، نظرانداز کیے جانے کے باوجود لڑکیوں کی تعلیم کا معاملہ مختلف نظر آرہا ہے،سیکرٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ نے ملالہ یوسفزئی کو اعزازی شیلڈ بھی دی۔

چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی دنیا بھر کی لڑکیوں کےلئے رول ماڈل ہیں،تعلیم ترقی کی کنجی ہے،کانفرنس میں شریک تمام شرکا اور مندوبین کو خوش آمدید کہتا ہوں، صدر آصف زرداری نے شرکا کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ، میڈیا اور آئی ٹی کا خواتین کی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ہے، خواتین کو بااختیار بنانے اور بہتر مستقبل کےلئے تعلیم کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کانفرنس کی سفارشات لڑکیوں کی تعلیم کےلئے پالیسی سازی میں اہم ثابت ہوں گی،مسلم و عالمی برادری بذریعہ تعلیم لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے عزم کی تجدید کریں، کسی بھی معاشرے کا مستقبل نوجوانوں بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم میں مضمر ہے،پڑھی لکھی خواتین پائیدار و خوشحال معاشرے کی بنیاد ہیں، تاریخ یاد دلاتی ہے تعلیم یافتہ مسلم خواتین نے معاشروں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا،پاکستان نہ صرف پالیسی بلکہ ترجیح کے طور پر بچیوں کی تعلیم کےلئے پرعزم ہے تب تک نہیں رکیں گے جب تک پاکستان کی ہر بچی کو سیکھنے کا موقع نہیں مل جاتا۔

چیئرمین سینٹ نے کہاخواتین کی شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں ،لڑکیوں کی تعلیم کے مقصد کو آگے بڑھانے کیلئے جامع نقطہ نظر اپنانا ہوگا،بےنظیر بھٹو شہید مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں، نامور مسلم خواتین تعلیم کے شعبے کےلئے بہترین اداروں کا قیام عمل میں لائیں،صنفی امتیاز سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا، ہر لڑکی کے حصول تعلیم تک حکومت مشن جاری رکھے گی۔

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی نے کہا لڑکیوں کی تعلیم میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ملکر کام کرنا ہے ، حکومت لڑکیوں کی معیاری تعلیم تک رسائی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، پڑھی لکھی خاتون بہتر انداز میں خاندان کی پرورش کرسکتی ہے، وفاقی وزیر تعلیم کی حیثیت سے میں بات یقینی بنانے کےلئے پرعزم ہوں پاکستان میں ہر بچے خواہ صنف، سماجی، اقتصادی پس منظر یا جغرافیائی محل وقوع کچھ بھی ہوکو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو گی،بدقسمتی سے کچھ معاشرے اب بھی بچیوں کی تعلیم کے خلاف ہیں بحیثیت قوم معاشرتی اصولوں ،رویوں کو چیلنج کرنے کےلئے ملکر کام کرنا چاہیے،لڑکیوں کی تعلیم صرف اخلاقی نہیں بلکہ اقتصادی ضرورت بھی ہے، لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنےوالے والدین، اساتذہ اور کمیونٹی رہنماﺅں کے کردار کو سراہنا چاہیے۔