ایک اور کامیابی،پاکستان میں عالمی کانفرنس،لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی یقینی بنانا ہوگی،وزیراعظم


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے لڑکیوں کی تعلیم وقت کا بڑا چیلنج ، تعلیم ہر معاشرے میں بنیادی حق ہے، غریب ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی یقینی بنانا ہو گی،پائیدار مواقع کی فراہمی کےلئے اجتماعی کاوشیں درکار ، لڑکیوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے معاشرہ مضبوط ،ترقی یافتہ ہوگا،مخیر حضرات ، کاروباری ادارے قابل توسیع اور پائیدار مواقع تلاش کرنے میں حکومت کی معاونت کریں، خواتین اپنی قابلیت سے قومی و عالمی معیشت میں موثر کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم، چیلنجز اور مواقع کے موضوع پر منعقدہ 2روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی نشست میں کلیدی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے کہا پاکستان میں2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں، زیادہ تر تعداد لڑکیوں کی ہے،پاکستانی خواتین کو تعلیم کے حصول میں متعدد مسائل کاسامنا ہے،مسلم دنیا کو چیلنج سے نبرد آزما ہونے کےلئے بڑے پیمانے پر کام کرنے کی ضرورت ہے،کانفرنس میں آپ کی شرکت پرمشکورہیں،وفاق ، صوبے بچوں کے داخلوں کیلئے اقدامات کررہے ہیں، کمیٹی صوبوں سے رابطے میں رہے گی، خواتین کو تعلیم کی فراہمی کیلئے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا ہوگا،معیاری ویکساں تعلیمی مواقع کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاتعلیم حاصل کرنا ہر معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے،سامنے آنے والے چیلنجز کا مقابلہ ،مشترکہ اقدامات سے غریب ملکوں میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی کو ممکن بنانا ہوگا،عالمی کانفرنس اعزاز ا،ملالہ یوسف زئی کا شریک ہونا بھی فخر کا باعث ہے۔

شہباز شریف نے کہا بےنظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں، مریم نواز پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب ہیں،خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں، خواتین کو تعلیم کی فراہمی سے ہی معاشرہ ترقی کرتا ہے،لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی موجودہ وقت میں بڑا چیلنج ہے، لڑکیوں کو فنی تعلیم کے ہنر سے مالا مال کرنا ہو گا، دانش سکول سے تعلیم مکمل کرنیوالی طالبات سب کے سامنے روشن مثال ہیں، لڑکیوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے سے معاشرہ مضبوط، ترقی یافتہ ہوگا، طالبات اپنی قابلیت سے عالمی معیشت میں بھرپور کردار ادا کرسکتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہالڑکیوں کو تعلیم سے محروم کرنا آواز ،انتخاب سے انکار کے مترادف اورروشن مستقبل کے حق سے محروم کرنا ہے،کانفرنس میں ملالہ یوسف زئی، 47 ملکوں کے 150 سے زائد مندوبین، یونیسکو، یونیسیف اور عالمی بینک سمیت مختلف بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی،بین الاقوامی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے گئے،معاہدہ لڑکیوں کی تعلیم کے مقصد کو آگے بڑھانے کےلئے مشترکہ عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔

دریں اثنامسلم ممالک کے وزرائے تعلیم سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا عالمی کانفرنس سے لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ میں مدد ملے گی، لڑکیوں کو معیاری و یکساں تعلیمی مواقع کی فراہمی کیلئے جامع اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں،حکومت دیگر ممالک کے وزرائے تعلیم ،متعلقہ اداروں سے اپنے تجربات شیئر کرکے لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، اہم موقع ہے اپنے تعلقات کو مزید وسعت ، استحکام دیں،کانفرنس سے منفی پروپیگنڈے کا سدباب اور لڑکیوں کی شرح تبادلہ میں اضافہ ہوگا۔


وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے تعلیم ہر فرد کا بنیادی حق ہے، اساتذہ کی تربیت ، مفت تعلیم و سفری اور آن لائن تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا کر بچیوں میں تعلیم کی شرح کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

عالمی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا بدقسمتی سے مسلم معاشرے میں لڑکیوں کی اکثریت تعلیم کے حق سے محروم رہ جاتی ہے ،بڑی وجہ کلچر اور مذہب کی غلط تشریح ہے،تعلیم کو اپنا ورثہ سمجھنا ہو گا،حکومت لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،امید ہے لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کےلئے قابل عمل حل تلاش کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے کہا تعلیم کا موضوع میرے دل کے قریب ہے، پڑھی لکھی خواتین معاشرے میں ترقی کی ضامن ہیں، خواتین کو با اختیار بنانا وقت کی ضرورت ہے، لڑکیوں کی تعلیم کےلئے معاشرتی رویوں کو چیلنج کرنا ہوگا،نیشنل پالیسی اور بجٹ میں خواتین کی تعلیم کیلئے اقدامات کیے جائیں،معاشرے میں آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے ، فیصلہ سازی و پالیسی سازی میں لڑکیوں کی شمولیت کو یقینی بنانا ہوگا۔

دریں اثنا2روزہ کانفرنس کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا اسلام تعلیم کی اہمیت و ضرورت پر زور دیتا ہے ،لڑکیوں کی تعلیم کیلئے کانفرنس خوش آئند ہے،مسلم معاشرے میں لڑکیوں کی تعلیم پر درپیش چیلنجز کا خاتمہ ضروری ہے،ملالہ یوسف زئی تعلیم کے میدان میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں ،وزیر اعظم شہباز شریف نے خواتین کی تعلیم کیلئے بہت کام کیا، اسلام آباد اعلامیہ تاریخی ڈکلیئریشن ہوگا ، خواتین کیلئے تعلیمی سکالر شپس کا اجرا کیاجائےگا،دنیا کو بتانا چاہتے ہیں مسلم معاشرے میں خواتین کو تعلیم کے حصول میں کوئی رکاوٹ نہیں، پائی جانےوالی غلط فہمیوں کا ازالہ کرنا ہوگا،خواتین کی تعلیم میں رکاوٹیں پیدا کرنیوالوں کے پاس کوئی جواز نہیں،کسی خاص تنظیم یا ملک کی بات نہیں کر رہے بلکہ پیغام تمام لوگوں کیلئے ہے ۔