لاہور:(کامرس رپورٹر) بنگلہ دیش کی موجودہ حکومت نے پاکستانیوں کےلئے ویزا عمل کو سادہ کر دیا تاکہ دونوں ممالک کے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے،ان خیالات کااظہار پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال خان نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ہائی کمشنر نے کہا بنگلہ دیش حکومت نے ویزا کے عمل کو سادہ کرتے ہوئے پاکستانی ہیڈ آف مشنز کیلئے ڈھاکہ سے کلیئرنس کی ضرورت ختم کر دی ،دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا ترجیحات میں شامل ہے ،لاہور چیمبر کا تعاون اہم کردار ادا کرےگا،بنگلہ دیش پاکستان کےساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا خواہاں ہے جو گزشتہ دہائی کے دوران زیادہ اطمینان بخش نہیں رہے،چیف ایڈوائزر ڈاکٹر یونس علاقائی تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت رکھتے ہیں،جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان زیادہ تعاون کی ضرورت ہے۔
اقبال خان نے کہادونوں ممالک کی ذمہ داری ہے موجودہ نسل کےلئے تجارتی مواقع پیدا اور باہمی تعاون میں رکاوٹوں کو دور کریں،لاہور چیمبر کا اہم کردار تجارت ،سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے ہائی کمشنر کو یقین دہانی کرائی لاہور چیمبر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت ، سرمایہ کاری کے فروغ میں مکمل تعاون فراہم کرے گا،لاہور چیمبر کاروباروں کے درمیان بات چیت بڑھانے اور علم و معلومات کے تبادلے کی سہولت فراہم کرنے کےلئے تیار ہے۔
بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کےلئے ویزا شرائط آسان کردیں



















