کرم میں امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے: بیرسٹر سیف

پشاور (مشرق نیوز) مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرسیف نے واضح کیا کہ گرینڈ جرگے کے معاہدے کے مطابق کرم میں ہرحال میں امن یقینی بنایاجائےگا اور امن دشمنوں سے ہرحال میں آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےگا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر کرم پرحملہ امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازش تھی، کرم کے عوام امن دشمن عناصر سے ہوشیار رہیں اور علاقے میں پائیدار امن کیلئے انتظامیہ اور حکومت کےساتھ تعاون کریں۔

بیرسٹرسیف نے بتایاکہ وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے کہاکہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر قافلے کو وقتی طور پر روک دیا گیا ہے، کلیئرنس ملنے کے بعد عنقریب قافلے کو روانہ کیا جائےگا۔

ضلع کرم پولیس کے مطابق ڈپٹی کمشنر کرم اور ان کے عملے پر فائرنگ کرنے والے 5 ملزمان کی نشاندہی ہو گئی ہے، جن کی گرفتاری کیلئے مسلسل آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، ملزمان کی گرفتاری کے بعد سہولت کاروں کو گرفتار کرنے کے بعد ہی مقدمات درج کئے جائیں گے۔