اسلام آباد :(بیورو رپورٹ) مدارس رجسٹریشن کا بل قانون بن گیا، صدر مملکت آصف زرداری نے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 2024 پر دستخط کردیئے، قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق ہوگی، قومی اسمبلی نے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ترجمان قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کہامعاملہ افہام وتفہیم سے حل کرلیا گیا، وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت نے سمری کی منظوری دی، سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی ایکٹ بل 20 اکتوبر کو سینٹ اور 21 اکتوبر کو قومی اسمبلی سے منظور ہوا تھا، ایکٹ پر دستخط کےساتھ ہی صدر نے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 2024 میں ترمیم کا آرڈیننس بھی جاری کردیا،دینی مدارس کو وزارت تعلیم کی بجائے وزارت صنعت و پیداوار میں بھی رجسٹریشن کا اختیار مل گیا۔
ترجمان ایوان صدر کے مطابق آرڈیننس کا اطلاق اسلام آباد تک محدود ہوگا۔ اسلام آباد کے مدارس اپنی مرضی سے وزارت تعلیم سے بھی رجسٹر ہوسکیں گے۔
دریں اثنا بل کے اہم نکات کے مطابق جو مدارس سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل کے نفاذ سے پہلے قائم ہوئے وہ 6 ماہ میں رجسٹریشن کرائیں جو دینی مدارس بل کے بعد قائم ہوئے وہ ایک سال میں رجسٹریشن کرائیں،ایک سے زیادہ کیمپس والے مدارس کو صرف ایک رجسٹریشن کی ضرورت ہے، ہر دینی مدرسہ اپنی سرگرمیوں کی سالانہ رپورٹ رجسٹرار کو جمع کرائیگا، کوئی بھی مدرسہ شدت پسندی، مذہبی منافرت پر مبنی مواد شائع کرے گا نہ پڑھائے گا۔
مدارس رجسٹریشن کا بل قانون بن گیا،صدر نے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 2024 پر دستخط کردئیے



















