اوور بلنگ قبول نہیں، ملوث افسروں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیراعظم نے کہا ہے اوور بلنگ کسی طور قبول نہیں، ملوث افسروں کےخلاف سخت کارروائی ہو گی۔

بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس میںشہباز شریف نے ہدایت کی سمارٹ میٹرز کی تنصیب کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ بلنگ کے نظام میں شفافیت لائی جاسکے ، بجلی چوری کی روک تھام کےلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسروں کی تعیناتی کے عمل میں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا انتہائی شفاف عمل کے ذریعے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسروں کی تعیناتی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے،افرادی قوت کی بھرتی میرٹ پر کی جائے، شفافیت پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،نیپرا کے دیئے گئے ٹارگٹ کے حصول کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔