اقلیتوں کا تحفظ ترجیح،دنیا فلسطین میں خون کی ہولی رکوائے: وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ، فلاح ، ترقی و خوشحالی ترجیح ہے،پاکستان سب کا ہے اور ملکر عظیم سے عظیم تر بنانا ہے،دنیا کو ملکر فلسطین میں خون کی ہولی ختم کرانے کیلئے زور لگانا ہوگا۔

کرسمس کی خصوصی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے شہبازشریف نے کہاسب کو ملکر دنیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کےلئے کام کرنا چاہیے، بھائی چارے کو فروغ دیں،قتل و غارت کا بازار گرم ہے، ہزاروں فلسطینی شہید کئے جا چکے ،دنیا فلسطین میں خون کی ہولی رکوائے،فلسطین میں جنگ بندی وقت کی ضرورت ہے،پاکستان میں مسیحی برادری امن و سکون سے رہ رہی ،قیام پاکستان و تکمیل پاکستان میں نمایاں خدمات ہیں، تعلیم و صحت کے میدان ، سرکاری اور دفاع وطن کےلئے خدمات، 1965 اور 1971 کی جنگ سمیت پاکستان کےلئے کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہاامن ، ترقی کے سفر کو فروغ دینے کا عزم اور تفریق در تفریق کا خاتمہ کرنا ہوگا ، اپنے اپنے جذبات کو قابو میں رکھ کر برداشت و تحمل سے کام لینا ہے، اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھنے کا عزم کرنا ،محبت و شفقت سے پیش آنا ہے تاکہ وہ اپنے آپ کو پاکستان کا باوقار شہری سمجھیں،وزیراعظم نے کہابابائے قوم کا بیان مشعل راہ ہے اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور فروغ ترجیح ہے، سب برابر کے قابل فخر شہری ہیں ،تحفظ، بہبود ، خوشحالی اور ترقی کی ذمہ داری بھرپور طریقے سے ادا کرتے رہیں گے،شہبازشریف نے شرکا کےساتھ ملکر کرسمس کیک کاٹا اور نغمہ پیش کرنےوالے بچوں کےساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کابینہ ڈویژن کا ہیلی کاپٹر پارا چنار میں ادویات کی فراہمی ، مریضوں کی منتقلی و دیگر امدادی سرگرمیوں کےلئے مختص کر دیا گیا،شہبازشریف نے کہا دکھ اور مصیبت کی گھڑی میں پارا چنار اور خیبر پختونخوا کے عوام کےساتھ کھڑے ہیں۔