پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ مسیحی برادری کو عزت اورکلیدی عہدے دئیے:گورنر پنجاب

لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یہاں گورنر ہاﺅس لاہور میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت اور مسیحی برادری کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔اس موقع پرگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مسیحی برادری کو کرسمس کے تہوار پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خوشی کے اس موقع پر ہمیں آپس میں زیادہ سے زیادہ پیار، محبت اور خوشیاں بانٹنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے کرسچن برادری کی بہت خدمات ہیں۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کرسچن کمیونٹی نے پاکستان کے قیام سے لے کر اب تک ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم نے مل کر اس ملک کوبنانا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس ملک کو اس مقام پر لے کر جانا ہے جس کیلئے بنا تھا۔ انہوںنے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو سے لے کر صدر آصف علی زرداری تک پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ مسیحی برادری کو عزت دی اور کلیدی عہدے دئیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری پوری دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کرے کہ یہاں مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی فضا ہے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آج بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم ولادت بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کی وجہ سے آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین عمل یہ ہے کہ ہم سب اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور ان کے فرمودات اور رہنما اصول ایمان ، اتحاد اور تنظیم پر عملی طور پرعمل پیرا ہوں۔سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پپپلر پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی بات کی ہے ۔انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج قائداعظم کا یوم پیدائش ہے جس پر وہ پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کرسمس کے موقع پر گورنر ہاﺅس لاہور میں اس خوبصورت تقریب کے انعقاد پر گورنر پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کی قیام پاکستان اور اس کےبعد ملک کے استحکام میں مختلف شعبوں میں بہت خدمات ہیں اور وہ معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔ تقریب میں جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب سید حسن مرتضیٰ،پیپلز پارٹی پنجاب مینارٹی ونگ کے نائب صدر ایڈون سہوترا، پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عزیز الرحمن چن، اسلم گل، پاسٹر جمیل ناصر، بشپ ایوب خاور سمیت گورنر ہاﺅس کی مسیحی برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ علاوہازیںگورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پنڈ سلطانی تحصیل جنڈ ضلع اٹک میںسابق چیئرمین یونین کونسل پنڈ سلطانی سردار آصف نواز خان کے قتل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس پنجاب سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے۔انہوں نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اس واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے سابق چیئرمین یونین کونسل پنڈ سلطانی سردار آصف نواز خان کے قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا بھی ظہارکیا ہے ۔ گورنر پنجاب نے سردار آصف نواز خان کے اہل خانہ سے فوری طور پر ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا اور ان سے اظہار تعزیت کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ ان کے ساتھ ہیں اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔