جنوبی وزیرستان:چیک پوسٹ پر حملہ پسپا، 16 جوان شہید،8 خوارج جہنم واصل

راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملہ پسپا، 16 جوان شہید،جوابی کارروائی میں 8 خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 20 اور 21 دسمبر کی درمیانی شب خوارج کے گروپ نے جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین کے جنرل ایریا میں چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی،حملے کی کوشش کو فورسز نے موثر طریقے سے ناکام بنایا اور فائرنگ کے تبادلے میں8خوارج کو ہلاک کردیا،شدید فائرنگ کے تبادلے میں 16بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے شہادت کو گلے لگایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گھناونے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کےلئے پرعزم اور بہادر جوانوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

قبل ازیں سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے در اندازی ناکام بنا کر 4خوراج کو منطقی انجام تک پہنچایا، فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کا بہادر سپوت وطن پر قربان ہوگیا،آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 19 اور 20 دسمبر کی رات پاک افغان بارڈر پر خارجیوں کے گروہ کی نقل و حرکت کا پتہ چلایا، کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 خارجیوں کو ہلاک کر دیا ،فائرنگ کے تبادلے میں خیبر سے تعلق رکھنے والا 22 سالہ سپاہی عامر سہیل آفریدی شہید ہو گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان افغان عبوری حکومت سے مسلسل موثر بارڈر مینجمنٹ کا تقاضہ کرتا چلا آیا ہے،توقع ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کےخلاف دہشتگردی کےلئے اپنی زمین استعمال نہیں ہونے دے گی۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم ،وزیر داخلہ نے خیبر کے علاقے راجگال میں فتنہ الخوارج کے4کارندوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے،انسانیت دشمنوں کے مذموم عزائم خاک میں ملاتے رہیں گے،حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل سد باب کےلئے سرگرم عمل ہیں۔