اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی پرائیویٹائزیشن کیلئے امور تیزی سے نمٹائے جا رہے ہیں، جلد اچھی خبر ملے گی۔وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات نے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد، یورپ کیلئے پی آئی اے کی فلائٹس کا آغاز خوش آئند امرہے، پی آئی اے کا یہ فلائٹ آپریشن شروع ہونا اس ادارے کی نجکاری کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، اب لوگوں کو یقین ہو گیا ہے کہ وہ یورپ کیلئے پی آئی اے میں سفر کر سکیں گے۔عبدالعلیم خان نے کہنا تھا کہ جلد ہی پی آئی اے کو برطانیہ اور امریکہ میں بھی آپریشنل کرنے کی بھی خوشخبر ی ملے گی، پی آئی اے کی نجکاری میں حائل مختلف مسائل دور ہو چکے، اب تیزی سے مراحل طے ہوں گے، پی آئی اے کی فروخت کیلئے آئی ایم ایف نے دو اہم ایشوز کو منظور کر لیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے جہازوں کی خریداری پر 18فیصد سیلز ٹیکس ختم، پی آئی اے کے تمام نقصانات کو ہولڈنگ کمپنی میں منتقل کر یں گے، پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کو کسی پرانی واجب الادا رقم کے بغیر بیچیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ان اصلاحات کے بعد ”انویسٹرز“کیلئے پی آئی اے کی خریداری زیادہ پر کشش ہو جائے گی، پی آئی اے کی پرائیویٹائزیشن کیلئے امور تیزی سے نمٹائے جا رہے ہیں، جلد اچھی خبر ملے گی۔
پی آئی اے کی نجکاری کیلئے تمام امور تیزی سے نمٹائے جا رہے ہیں: عبدالعلیم خان



















