دیامربھاشا ڈیم کو بروقت مکمل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں:چیئرمین واپڈا

لاہور (خبرنگار) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے دیامربھاشا ڈیم کی مختلف سائٹس پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے پراجیکٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے تاکہ اس منصوبے کو شیڈول کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔ جنرل منیجر دیامربھاشا ڈیم ،کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی دورے کے موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے موقع پر چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ کی مختلف سائٹس بشمول کرشنگ پلانٹ، اپ سٹریم اینڈ ڈاون سٹریم کوفر ڈیم، ڈائی ورشن کینال، ڈیم پِٹ اور گائیڈوال کا تفصیلی جائزہ لیا۔چیئرمین واپڈا نے دیامربھاشا ڈیم سائٹ پر پیشرفت کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں جنرل منیجر/ پراجیکٹ ڈائریکٹر دیامربھاشا ڈیم، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز نے چیئرمین واپڈا کو پراجیکٹ کی تمام سائٹس پر ہونے والی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی۔ چیئرمین واپڈا کو بتایا گیا کہ اس وقت 14اہم سائٹس پر تعمیراتی سرگرمیاں تسلی بخش رفتار سے جاری ہیں۔ دیامربھاشا ڈیم کی تکمیل 2028میں شیڈول ہے۔دورے کے موقع پر چیئرمین واپڈا نے ضلع دیامر ،کوہستان کی ضلعی انتظامیہ اور مقامی عمائدین کے ساتھ ایک جرگہ میں بھی شرکت کی۔ جرگہ میں لینڈ ایکوزیشن، متاثرین کی آبادکاری اور اعتماد سازی اقدامات پر گفتگو کی گئی۔دیامربھاشا ڈیم 272میٹر بلند دنیا کا سب سے بڑا رولرکمپیکٹڈ کنکریٹ(آر سی سی ڈیم )ہے۔ ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 8اعشاریہ ایک ملین ایکڑفٹ ہے جس سے 12لاکھ 30ہزار ایکڑ اراضی زیرکاشت آئے گی۔ دیامربھاشا ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4ہزار 500میگاواٹ ہے جس سے قومی نظام کو سالانہ 18ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی میسر آئے گی۔