اسلام آباد (بیورو رپورٹ) حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف سے حاصل کردہ 7ارب ڈالر کا قرضہ 5 فیصد کی بلند شرح سود پر حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے، چینی بینکوں سمیت دیگر اداروں سے بھی 7 سے 8 فیصد کی بلند شرح سود پر قرض لیا گیا،سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی کمرشل بینکوں سے حاصل کردہ قرضے کی شرائط پیش کردی گئیں،اجلاس میں انکشاف ہوا آئی ایم ایف سے تقریباً 5 فیصد شرح سود پر 7 ارب ڈالر قرض حاصل کیا گیا جس میں 3.37 فیصد ایس ڈی آر ریٹ، 1 فیصد مارجن اور 50 بیسز پوائنٹس سروس چارجز شامل ہیں جبکہ آئی ایم ایف کو قرضہ گریس پیریڈ سمیت 10 سال کی مدت میں قابل واپسی ہوگا اور آئی ایم ایف کو ششماہی بنیاد پر 12 اقساط میں قرض واپس کیا جائےگا،اجلاس میں چینی بینکوں سمیت دیگر اداروں سے 7 سے 8 فیصد سود پر قرض لینے کا انکشاف ہوا جن میں چائنا ڈیویلپمنٹ بینک، انڈسٹریل کمرشل بینک آف چائنا اور سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک شامل ہیں، ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈیویلپمنٹ بینک اور مشترکہ لون فسیلٹی بھی حاصل کی گئی۔
آئی ایم ایف، چینی بینکوںسمیت دیگر اداروں سے قرض بلند شرح سود پر لیا گیا، سینٹ قائمہ کمیٹی میں رپورٹ پیش



















