ریٹائرمنٹ کی عمر 55 سال کرنے کی تجویز وزیراعظم کو پیش، صرف سویلین پر اطلاق ہوگا

ٓاسلام آباد (بیورو رپورٹ) ریٹائرمنٹ کی عمر 55 سال کرنے کی تجویز وزیراعظم کو پیش کردی گئی جس کا اطلاق صرف سویلین پر ہوگا،وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق55 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کی تجویز پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی ہے تاہم اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا، ابھی ابتدائی تجویز ہی سامنے آئی ہے، 55 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ہوا تو اطلاق صرف سول ملازمین پر ہوگا،ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم کو 55 سال میں ریٹائرمنٹ کی حد مقرر کرنے پر مثبت رسپانس نہیں ملا، اگر ریٹائرمنٹ کےلئے 55 سال کی عمر کا تعین کیا جاتا ہے تو اس وقت متعدد بیوروکریٹس ریٹائر ہو سکتے ہیں، بیوروکریسی 55 سال میں ریٹائرمنٹ کی خواہش مند نہیں ،دوسری طرف وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے حاضر سروس ملازمین کو کنٹری بیوشن پنشن سکیم میں لانے کا مطالبہ کردیا،آئی ایم ایف نے کہا ہے حاضر سروس ملازمین کو نئے بھرتی ہونے والوں کی طرز پر کنٹری بیوشن پنشن سکیم کا حصہ بنایا جائے، آئی ایم ایف کے کہنے پر وزارت خزانہ میں حاضر سروس ملازمین کو کنٹری بیوٹری پنشن سکیم میں شامل کرنے پر کام کیا جا رہا ہے،وزارت خزانہ نے کہا ہے ایک دہائی سے زائد فریز فیڈرل سیکرٹریٹ الاونس کو بحال کرنے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔