لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ضلع ڈیرہ غازی خان میں پنجاب خیبر پختونخوا بارڈر پر جھنگی پولیس پوسٹ و دیگر سرحدی چوکیوں کا دورہ کیا، آئی جی پنجاب نے جھنگی و دیگر پولیس چیک پوسٹوں پر تعینات پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور چیک پوسٹوں پر تعینات نفری، اسلحہ، ایمونیشن، مورچوں، گاڑیوں، تھرمل ڈوم کیمروں سے چیکنگ کا جائزہ کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کے پے در پے حملے ناکام بنانے پر چیک پوسٹوں کے جوانوں کو شاباش دی اور اہلکاروں کو کیش ایوارڈز سے نوازا اور آئی جی پنجاب نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں فرائض کی شاندار انجام دہی پر سرحدی چوکیوں کے عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سرحدی چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں کو خصوصی الاو¿نس دینے کا اعلان کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس نے خیبرپختونخوا بارڈر پر خوارجی دہشت گردوں کے 08 حملوں کو کامیابی سے پسپا کیا، دہشت گردوں کو کسی بھی صورت پنجاب میں داخل نہیں ہونے دیں گے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کے نڈر جوان ٹرائی بارڈر چیک پوسٹوں پر صوبائی سرحدوں کا بہادری سے دفاع کر رہے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فورس ہمہ وقت الرٹ رہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ خوارجی دہشت گردوں کے خلاف سی ٹی ڈی، رینجرز اور دیگر اداروں کے ہمراہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری رکھیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جھنگی چیک پوسٹ کے مورچوں پر نائٹ ویڑن گنز، حفاظتی انتظامات سمیت چیک پوسٹ کی عمارات اور مورچوں کو مضبوط و محفوظ بنانے کیلئے جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ کیا۔دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رائٹ مینجمنٹ پولیس کے قیام کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تین مراحل میں مختلف رینجز میں رائٹ مینجمنٹ پولیس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی اور سرگودھا میں رائٹ مینجمنٹ پولیس کا قیام عمل میں لایا جائے گا جبکہ رائٹ مینجمنٹ پولیس کیلئے 5 ہزار کانسٹیبل بھرتی کرکے اینٹی رائٹ ٹریننگ کروائی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ رائٹ مینجمنٹ پولیس کیلئے افسران اور کانسٹیبلز کو پنجاب پولیس کے تمام ٹریننگ کالجز اور سکولز میں تربیت فراہم کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ دوران اجلاس ڈی آئی جی پی ایچ پی اطہر وحید نے رائٹ مینجمنٹ پولیس کے قیام کیلئے لائحہ عمل بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں رائٹ مینجمنٹ پولیس کے قیام کیلئے ہیومن ریسورس، لاجسٹکس، ٹرانسپورٹ سمیت مختلف اقدامات بارے تجاویز زیر غور آئیں، رائٹ مینجمنٹ پولیس کیلئے کانسٹیبلوں کی بھرتی، ٹریننگ اور رائٹ مینجمنٹ پولیس ہیڈ کوارٹرز کے قیام کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، اے آئی جیزا ور دیگر افسران اجلاس میں موجود تھے جبکہ ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
دہشت گردوں کو کسی بھی صورت پنجاب میں داخل نہیں ہونے دیں گے: آئی جی پنجاب



















