9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنا کر ملزموں کو سزا ملنی چاہیے،قریشی

لاہور:(خبر نگار،کرائم رپورٹر)پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہاہے9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنا کر ملزموں کو سزا ملنی چاہیے،پی ٹی آئی بڑی سیاسی جماعت ہے، پابندی لگانا حماقت ہوگی، حکومت کی طرف سے ٹھنڈی ہوا آئے تو مذاکرات کا ماحول بن سکتا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہالوگ حکومت سے متنفر ہو رہے ہیں، مجھ سمیت کئی رہنما ڈیڑھ سال سے جیل میں پڑے ہیں، ڈیڑھ سال سے سزا کاٹ رہا ہوں، قصور وار ہوں تو سزا دیں، بے قصور ہوں تو ریلیف، یاسمین راشد، اعجاز چودھری، محمودالرشید، عمر سرفراز چیمہ کو ریلیف ملنا چاہیے۔

دوسری جانب جیل سے عدالت منتقل کرنے والی گاڑی تبدیل کرنے پر سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی پولیس افسروں پر برہم ہوگئے،انسپکٹر شیخ حماد نے سابق وفاقی وزیر کو جیل سے لانے والا ڈبل کیبن بدلا تو شاہ محمود قریشی نے سنگل کیبن ڈالے میں جیل واپس جانے سے انکار کر دیا، احاطہ عدالت میں پولیس ،شاہ محمود قریشی کے درمیان تلخ کلامی ہوتی رہی۔