لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ بھٹو نے عام آدمی کو بولنے کی طاقت اور شناخت کیساتھ ووٹ کا حق دیا،پاکستان کی سیاسی ،معاشی اورسماجی ترقی میں پیپلز پارٹی کی کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے 57ویں یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا 57واں یوم تاسیس اسکی پالیسیوں کا مظہر ہے، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے عوامی امنگوں کے مطابق پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی،بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا اور ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی۔بی بی شہید نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کر کے پسماندہ طبقات کی مدد کی۔انکا کہنا تھا کہ ملک میں آئین وقانون،جمہوریت کی سر بلندی اور پارلیمنٹ کی بالا دستی کیلئے پیپلز پارٹی کی جدوجہد آج بھی جاری ہے،خواتین کے حقوق ہوں یا اقلیتوں کی نمائندگی،لیبر کلاس ہو یا طلبہ،پیپلز پارٹی صف اول میں نظر آئیگی،صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت ہمارا فخر ہے اورجیالے آج اس بات کا عہد کریں کہ بلاول بھٹو کو ملک کا اگلا وزیر اعظم بنوائیں گے۔پاکستان کو انصاف،مساوات اورجمہوریت کی سرزمین بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔جنرل سیکرٹری پی پی وسطی پنجاب سید حسن مرتضی نے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت، جیالے، یوتھ ،خواتین،کسان اور اقلیت کو پی پی پی کے یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھٹو شہید نے پاکستان کی عوام کو شناخت دیکر ثابت کیا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں،پیپلز پارٹی 57سال اور تین نسلوں کی داستان ہے، کوئی پل دو پل کی بات نہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی سیاستدان جب تک پیپلزپارٹی سے وابستہ رہا نامور رہا، چھوڑنے والا خود اپنی سیاسی موت مرگیا،پیپلز پارٹی ملک کے پسماندہ طبقات، محنت کشوں، کسانوں، غریبوں اور مزدوروں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی واحد جماعت ہے۔حسن مرتضی نے مذید کہا کہ57سال پہلے قائد عوام اور ان کے ساتھیوں نے جس پارٹی کی بنیاد رکھی تھی وہ وفاق اور بقا کی علامت بن چکی ہے۔یوم تاسیس کے موقع چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
بھٹو نے عام آدمی کو بولنے کی طاقت، شناخت کیساتھ ووٹ کا حق دیا: پیپلز پارٹی



















